سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ حسن قرأت: ایرانی قاری یونس شاہ مرادی نے جیت لیا

ہفتہ 8 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے مقابلہ حسن قرأت میں ایرانی اور سعودی قاریوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کیں۔ سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی قاری یونس شاہ مرادی نے قرآن کی تلاوت کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے 30 لاکھ ریال (8 لاکھ ڈالرز) کی انعامی رقم جیت لی۔ دوسری پوزیشن سعودی قاری عبدالعزیز الفقیہ نے حاصل کی جنہیں 20 لاکھ ریال (پانچ لاکھ ڈالرز) کی انعامی رقم دی گئی۔

اذان کے مقابلے میں سعودی عرب کے محمد الشریف نے پہلی پوزیشن حاصل کی جنہیں 20 لاکھ ریال (پانچ لاکھ ڈالرز) انعام دیا گیا جبکہ انڈونیشیا کے دایا الدین بن نذیر الدین نے دوسری پوزیشن حاصل کی جنہیں ایک لاکھ ریال (دو لاکھ 67 ہزار ڈالرز) کا انعام دیا گیا۔

اذان کے مقابلے میں سعودی عرب کے محمد الشریف نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ تصویر بشکریہ: سعودی پریس ایجنسی

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی فار انٹرٹینمنٹ کے سربراہ ترکی الشیخ نے مقابلہ جیتنے والوں میں انعام تقسیم کیا۔ عطر الکلام (کلام کی خوشبو) کے نام سے منعقد کرائے جانے والے مقابلے کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 20 لاکھ ریال (30 لاکھ ڈالرز) تھی۔

عطر الکلام مقابلوں کا پروگرام 2019ء میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد حسن قرات اور اذان کے مقابلے منعقد کرانا اور قاری حضرات کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ خوش الحان افراد کو حسن قرات کی جانب راغب کرنا تھا۔ مقابلے کا پہلا دور جنوری 2023 میں ہوا تھا جس میں 165 ممالک کے 50 ہزار سے زیادہ افراد نے حصہ لیا تھا۔

مقابلے کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 20 لاکھ ریال (30 لاکھ ڈالرز) تھی ۔ تصویر بشکریہ: سعودی پریس ایجنسی

قرآن کریم اور اذان کے مقابلوں کو مختص انعامات (مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 20 لاکھ ریال) کے حوالے بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

’عطر الکلام‘ کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں 6 ریکارڈ قائم

قرات کے مقابلے میں بڑی تعداد میں شریک ممالک کے حوالے سے یہ پہلا مقابلہ ہے جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہے۔ مقابلے میں 165 ممالک کے 50 ہزار سے زیادہ افراد نے حصہ لیا۔

’عطر الکلام‘ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں 6 ریکارڈ قائم کیے۔ تصویر بشکریہ: سعودی پریس ایجنسی

شریک ممالک کی تعداد کے حوالے سے یہ اذان کا سب سے بڑا مقابلہ تسلیم کیا گیا۔ قرات کے مقابلے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد کے حوالے سے بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن گیا۔

اذان کے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تعداد کے حوالے سے بھی سرفہرست رہا ہے۔ قرآن کریم اور اذان کے مقابلوں کے لیے مختص انعامی رقم کے حوالے بھی اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp