وزیراعلیٰ کے پی کی بے گھر افراد کی واپسی کی یقین دہانی پر کل ہونے والا احتجاج ملتوی، طورخم شاہراہ پر دھرنا بھی ختم

بدھ 16 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل جرگے کی ملاقات میں بے گھر افراد کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی یقین دہانی پر جرگے نے کل تیراہ کی طرف بے گھر افراد کے مجوزہ مارچ کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں قومی جرگہ کی پیش کردہ تجاویز پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے گا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور

اس کے علاوہ جرگے نے گزشتہ 75 دنوں سے طورخم شاہراہ پر جاری دھرنا بھی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ جو علاقہ کلیئر ہوچکا ہے وہاں کے لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کیا جائے گا۔ جبکہ باقی ماندہ لوگوں کی واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ اگلے ہفتے اجلاس منعقد کرکے واپسی کا لائحہ عمل اور ٹائم لائن طے کرنے پر بھی اتفاق کرلیا گیا۔

جرگے نے بے گھر افراد کی واپسی کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، اور 11 اکتوبر کا مسئلہ پرامن انداز میں حل کرنے بھی ان کے قائدانہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے لوگوں کو خون خرابے سے بچایا، خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عمائدین

اس موقع پر عمائدین نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے انتہائی دانشمندی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے لوگوں کو خون خرابے سے بچالیا، ہم علی امین گنڈاپور کے اس اہم کردار پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عمائدین نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے جس احسن طریقے سے 11 اکتوبر اور بنوں کا معاملہ حل کیا وہ ہمارا مسئلہ بھی ضرور حل کریں گے، ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔

عمائدین کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، علی امین گنڈاپور

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ مسئلے کے حل کے لیے مجھ پر اعتماد کرنے پر کوکی خیل کے عمائدین کا مشکور ہوں، میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اگلے ہفتے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے بے گھر افراد کی بحالی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، انہوں نے ملک میں امن کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑے اور تکالیف برداشت کیں۔ اب ان کی اپنے علاقوں کو باعزت واپسی اور دوبارہ آبادکاری ہماری اہم ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں قومی جرگہ: کریک ڈاؤن سے میزبانی تک، یہ سب کچھ کیسے ہوا؟

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بے گھر افراد کی واپسی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے درکار سامان کی خریداری اور دیگر لوازمات کا عمل شروع کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp