سوشل میڈیا وارئیرز کے معاملے پر شیخ وقاص اکرم اور شیر افضل مروت آمنے سامنے آ گئے۔ پی ٹی آئی کے انفارمیشن سیکریٹری شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمیں جو سزا دی جا رہی ہے وہ ڈیجیٹل میڈیا کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے ہے کہ ہم باطل کے خلاف حق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنے قائد کی رہائی کے لیے لڑ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس ساری لڑائی میں ڈیجیٹل میڈیا ہی ہماری آواز بن کے گونج رہا ہے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے معاملات کو اجاگر کر رہا ہے۔ یہ ملک دوست اور تحریک انصاف کی طاقت ہیں۔ خان صاحب کا پیغام کہ ہمارے احتجاج کا ہدف کوئی ادارہ نہیں۔ یہ بھی ہم تک ہمارے سوشل میڈیا نے پہنچایا۔
ہمیں جو سزا دی جارہی ہے وہ ڈیجیٹل میڈیا کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے ہے کہ ہم باطل کے خلاف حق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنے قائد کی رہائی کیلۓ لڑ رہے ہیں اس ساری لڑائی میں ڈیجیٹل میڈیا ہی ہماری آواز بن کے گونج رہا ہے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے معاملات کو اجاگر کر رہا ہے-…
— Sheikh Waqas Akram (@SheikhWaqqas) November 12, 2024
ان کا کہنا تھا کہ یہ رضا کار ہی ہیں جو خان کی محبت میں اس کی رہائی کی خاطر ہمارے ساتھ ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ الیکشنز میں جب ہمارے سب لیڈرز روپوش ہونے پر مجبور ہوئے تو یہی سوشل میڈیا رضا کار تھے جنہوں نے ہمارے پیغام اور نشان قوم تک پہنچائے۔
مزید پڑھیں:مجھے قتل کروانے کے لیے جندال گروپ کے ذریعے 1لاکھ ڈالر ادا کیے گئے، شیرافضل مروت کا دعویٰ
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بحیثیت انفارمیشن سیکریٹری اور خان کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے میں دوستوں کو کہوں گا کہ سوشل میڈیا وارئیرز کو ہماری طرف سے صرف پذیرائی ملنی چاہیے یہ ہم سے کچھ نہیں مانگتے۔ میں خود کو ان کا حصہ سمجھتا ہوں اور ان کی خدمات اور وقت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر عدت کیس ڈیجیٹل ایڈونچررز کے اس ایڈونچر کا نتیجہ ہے جنہوں نے باہر بیٹھ کر جرنیلوں کی کردار کشی کی اور اسکینڈل نکالا تھا۔ یہ اسی کا خمیازہ تھا جو ہمیں بھگتنا پڑا، ہم نے کبھی ان کو اختیار نہیں دیا کہ پی ٹی آئی کے نام پہ اداروں کو گالیاں دیں۔
ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے والے پی ٹی آئی میں ہی موجود ہیں۔ وہ لوگ ننگِ ملت اور ننگِ قوم ہیں، وہ بھگوڑے ہیں۔ ان کا پیغام پھیلانا ملک دشمنی ہی نہیں پارٹی سے بھی دشمنی ہے۔ راجا اور مہدی نامی وی لاگرز ڈسمس شدہ فوجی ہیں، انہوں نے پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا۔
مزید پڑھیں:عمران خان کی رہائی نظر نہیں آرہی، شیر افضل مروت
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی تصویر دکھا کر پیسے بناتے ہیں۔ پارٹی ورکرز ان بد بختوں کو پہچان لیں۔ انہوں نے 9 مئی کو بھی لوگوں کو ورغلایا کہ فوج کے دستے پی ٹی آئی کی حمایت میں نکل آئے ہیں۔ یہی نہیں پارٹی رہنما بھی ان کی سہولتکاری کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوتی ہے اور خبر ان تک پہنچ جاتی ہے۔