کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا، تاہم لائسنس پیش نہ کرنے پر ملزمہ کیخلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کیا گیا۔
یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو گارڈن میں واقع ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: انمول عرف پنکی کیسے کراچی میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کا دھندا چلاتی تھی؟
دوسری جانب منشیات کیس میں گرفتاری سے قبل ملزمہ کی ایک مبینہ آڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر پولیس کو چیلنج کرتی سنائی دیتی ہے۔
جس فلیٹ کا پتا ایف آئی آر میں درج کیا گیا، وہاں رہائش پذیر خاندان نے پولیس کے مؤقف کو چیلنج کیا یے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 8 برس سے اس مقام پر کرائے پر مقیم ہیں اور انمول عرف پنکی نامی کسی خاتون کو نہیں جانتے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں نائجیرین منشیات نیٹ ورک بے نقاب، سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس کی غفلت کے باعث ان کے گھر کا پتا مقدمے میں شامل کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمہ سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئیں۔
پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور تھی، جو شہر میں منشیات کی ڈیلنگ اور سپلائی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ آن لائن آرڈرز کے ذریعے منشیات مخصوص رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی جبکہ اس مقصد کے لیے خواتین رائیڈرز کا استعمال بھی کیا جاتا تھا۔














