سپریم کورٹ میں آئینی بینچ فعال، قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف درخواست خارج

جمعرات 14 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے نوتشکیل کردہ آئینی بینچ نے ابتدائی کیسوں کی سماعت کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تمام صوبوں سے رپورٹ طلب کرلی اور جسٹس ریٹائرڈ قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کیخلاف درخواست خارج کردی ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی 6 رکنی آئینی بینچ نے قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کیس کی سماعت کی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: آئینی بینچ کے سامنے 34 مقدمات سماعت کے لیے مقرر، اہم کیسز شامل

سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کیخلاف دائر نظرثانی درخواست کی سماعت کے دوران، بینچ کے رکن جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ یہ نظرثانی درخواست ہے، کیس کو دوبارہ نہیں کھول سکتے۔

جس پر درخواست گزار وکیل ریاض حنیف کا موقف تھا کہ سپریم کورٹ نے بھٹوکیس بھی 40 سال بعد سنا، جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ یہ فورم سیاسی تقاریر اور نہ ہی بیک بائٹنگ کا ہے، قانون سے نہیں ہٹ سکتے۔

مزید پڑھیں:سپریم جوڈیشل کمیشن نے 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا، جسٹس امین الدین سربراہ مقرر

درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے، جسٹس محمدعلی مظہر بولے؛ آپ غصے میں کیوں آرہے ہیں، عدالت کی بات سنیں، عدالت آپ سے سوالات پوچھ رہی لیکن آپ جواب کیوں نہیں دےرہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے درخواست گزار سے دریافت کیا کہ آیا وہ کیس دوبارہ کھولنا چاہتے ہیں، جس پر وکیل ریاض حنیف بولے؛ میں عدالت کو حقائق بیان کررہاہوں، میرے پاس ریکارڈ نہیں لیکن بلوچستان سے ریکارڈ منگوایا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: آئینی بینچز کی تشکیل اور مقدمات کی سماعت سے متعلق سپریم کورٹ کے ججز بھی منتظر

آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے کہا کہ قانون بتائیں کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ مشاورت کیسے ضروری ہے، اس موقع پر جسٹس مسرت ہلالی بولیں؛ کیسز میں پرسنل نہ ہوا کریں، چھوڑ دیں قاضی صاحب کی جان۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ایسی درخواست پر بینچ کے سربراہ سے درخواست کروں گا کہ معاملہ پاکستان بار کونسل کو بھیج دیں، آئینی بینچ نے درخواستگزار وکیل ریاض حنیف کی نظرثانی درخواست خارج کردی ہے۔[

مزید پڑھیں: جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھے گا کیا ہم غیر آئینی ہیں؟ جسٹس منصور علی شاہ

اس سے قبل آئینی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق آج کے پہلے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تمام صوبوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ملک میں ہر جگہ ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی جارہی ہیں، جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ ماحولیات سے متعلق تمام معاملات  کو دیکھیں گے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: 26ویں آئینی ترمیم کالعدم قرار دینے کے لیے ایک اور درخواست دائر، ڈائری نمبر الاٹ

جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ جسٹس نسیم حسن شاہ کو خط میں لکھا گیا تھا کہ اسلام آباد کو صنعتی زون بنایا جا رہا ہے، ماحولیاتی آلودگی صرف اسلام آباد نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل کے مطابق گاڑیوں کا دھواں ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا دھوئیں کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp