ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث گینگ کے اہم ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے قریب چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بونا راست منصوبے سے حوالہ ہنڈی کا خاتمہ ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف
ملزم کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے، ملزم سے 22 ہزار 950 اماراتی ریال، 6 ہزار سعودی ریال، 6 ہزار 180 تھائی بھاٹ، 450 امریکی ڈالر اور 16 لاکھ پاکستانی روپے برآمد ہوئے ہیں۔
ملزم کے قبضے سے 22 چیک بکس، پے آرڈر کی نقول اور حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہے، جو برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکا۔
ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ گینگ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے لیے بے نامی اکاؤنٹس کا استعمال کررہے تھے، ملزمان ادائیگیوں کے لیے تھرڈ پارٹی ٹیلی گرافک ٹرانسفر کا استعمال کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کرپٹو کرنسی لین دین کے خلاف واضح پالیسی اپنائی جائے، ایف آئی اے
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔