خیبرپختونخوا کے ضلع پارا چنار میں صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ہیلی کاپٹر میں صوبائی حکومت کا وفد سوار تھا۔ فائرنگ کے بعد ہیلی کاپٹر نے محفوظ لینڈنگ کی جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کا وفد بھی اس واقعہ میں محفوظ رہا۔
یہ بھی پڑھیں کرم: مسلح افراد کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 38 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وفد ہیلی کاپٹر میں کرم میں امن و امان کا جائزہ لینے اور امن و امان کی بحالی کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کرم جا رہا تھا کہ پارا چنار کے علاقے میں ہیلی کاپٹر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔
ہیلی کاپٹر میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، کمشنر کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی کوہاٹ سمیت دیگر اعلی افسران بھی سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر حملہ: ’ایسے نشانہ بنایا گیا جیسے چن چن کر ہمیں مار رہے ہوں‘
واضح رہے کہ جمعرات کو ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ایم این اے، ایم پی اے اور چیف سیکریٹری پر مشتمل وفد کو فوری طور پر کرم کا دورہ کرکے وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔