وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ مختلف شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیوسٹن میں امریکی کانگریس اور کانگریس کی فنانس کمیٹی کے اہم ممبر الیگزینڈر گرین سے بھی ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں کسی چین مخالف تقریب میں شرکت نہیں کی، مخالفین پروپیگنڈا کررہے ہیں، محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین الیگزینڈر گرین کو افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی اور دراندازی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں آنے والے زلزلے اور سیلاب میں متاثرین کی بھرپور مدد پر کانگریس مین الیگزینڈر گرین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کے تنازع فلسطین پر اصولی مؤقف کو بھرپور سراہا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس مین الیگزینڈر گرین نے فلسطین کے لیے توانا آواز بلند کی جو قابل ستائش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی امریکی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت
انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کی جانب سے فلسطین پر ایسے اصولی مؤقف کو بہت پذیرائی ملی ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی آرہی ہے، آنے والے دنوں میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
کانگریس مین الیگزینڈر گرین کا کہنا تھا کہ جلد پاکستان کا دوبارہ دورہ کروں گا، زلزلے اور سیلاب میں پاکستانی عوام سے یکجہتی و مدد کے لیے 4 بار پاکستان آچکا ہوں۔
یوسٹن میں ہونے والی اس ملاقات کے موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چودھری اورپاکستانی نژاد معروف امریکی بزنس مین طاہر جاوید بھی موجود تھے۔












