پاکستانی اداکار شہود علوی کے خواتین کی ظاہری شخصیت اور ذاتی صفائی سے متعلق ریمارکس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
شہود علوی نے اداکارہ لیلیٰ زبیری اور فہیمہ اعوان کے ہمراہ ایک مارننگ شو میں شرکت کی جہاں شادی شدہ زندگی، میاں بیوی کی ذمہ داریوں اور گھریلو معاملات پر گفتگو کی گئی۔
گفتگو کے دوران شہود علوی نے خواتین کی ظاہری شخصیت اور ذاتی صفائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں کام کرنے والی خواتین عموماً خود کو بہتر انداز میں پیش کرتی ہیں اور پرفیوم استعمال کرتی ہیں جبکہ گھر میں زیادہ وقت گزارنے والی خواتین اس حوالے سے کم توجہ دیتی ہیں۔
انہوں نے گھریلو خواتین کے حوالے سے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گھر میں خواتین سے ادرک اور لہسن کی بو آ رہی ہوتی ہے، ان کے مطابق سوال یہ ہے کہ گھر میں رہنے والی خواتین بھی اپنی ذاتی صفائی اور ظاہری شخصیت پر اتنی ہی توجہ کیوں نہیں دیتیں۔
شہود علوی کے ان ریمارکس پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کی۔ بعض صارفین نے کہا کہ گھریلو خواتین دن بھر گھر کے کاموں میں مصروف رہتی ہیں اور ان کی محنت کو نظر انداز کرنے کے بجائے شوہروں کو بھی گھریلو ذمہ داریوں میں حصہ لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ درِ فشاں کے انگریزی لہجے پر شدید تنقید، صنم سعید ٹرولرز کے خلاف بول پڑیں
ایک صارف نے نشاندہی کی کہ خواتین گھر میں کھانا تیار کرنے، مہمانوں کی خاطر تواضع، چائے بنانے، کپڑے دھونے اور گھر کی دیکھ بھال سمیت متعدد ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں اس لیے ان کی ظاہری شخصیت پر تنقید کے بجائے ان کی محنت کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔
دوسری جانب گفتگو میں خواتین کی خودمختاری اور عملی زندگی کی مہارتوں پر بھی بات ہوئی۔ لیلیٰ زبیری نے کہا کہ بہت سی گھریلو خواتین مالی معاملات، بینک اکاؤنٹس اور بلوں کی ادائیگی جیسے امور سے پوری طرح واقف نہیں ہوتیں اس لیے شوہر اور بیوی کو زندگی کے اہم معاملات مل کر سمجھنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکار محمد احمد کی فیس لفٹ کروانے کی ویڈیو وائرل
ان کا کہنا تھا کہ شوہروں کو اپنی بیویوں کو اہم عملی مہارتیں سکھانی چاہئیں تاکہ وہ مستقبل میں خود بھی معاملات سنبھال سکیں خصوصاً ان خواتین کے لیے یہ تربیت اہم ہے جو کم عمری میں شادی کرلیتی ہیں۔
فہیمہ اعوان نے بھی اس حوالے سے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں گاڑی چلانے سمیت مختلف مہارتیں سیکھنے کی ترغیب دی تھی۔ ان کے مطابق شوہر چاہتے تھے کہ وہ مستقبل میں مستحکم اور خودمختار زندگی گزار سکیں۔
گفتگو کے دوران لیلیٰ زبیری نے یہ بھی کہا کہ شادی میں ذمہ داریاں یک طرفہ نہیں ہونی چاہئیں۔ ان کے مطابق اگر میاں اور بیوی دونوں ملازمت کرتے ہیں تو گھر کے کاموں میں بھی دونوں کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔














