اکوڑہ خٹک میں جمعے کو ہونے والے خودکش حملے کے بعد ملک کے مزید 2 شہروں میں دھماکے ہوئے جن میں کوئٹہ اور کوہاٹ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں بم دھماکہ، مولانا حامد الحق سمیت متعدد افراد شہید
اپر اورکزئی میں ہونے والے والے دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کوہاٹ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ بازار میں ایک میڈیکل اسٹور کے سامنے ہوا۔ دھماکے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس اورریسکیو ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
کوئٹہ: جان محمد روڈ پر بم دھماکہ، 10 افراد زخمی
کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ پر زور دار دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور زخمیوں کو کوئٹہ سول اسپتال منتقل کردیا۔
ایم ڈی فرما سینیٹر کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 9 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
بم ڈسپوزیبل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جس کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔
مزید پڑھیے: کوئٹہ دھماکا، ذمے داری کالعدم دہشتگرد تنظیم نے قبول کرلی
عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے آدھے گھنٹے بعد دھماکا ہوا جو اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گردونواح میں گرد پھیل گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد ایک موٹر سائیکل مکمل تباہ دکھائی دی اور اس کے بعد وقوعہ کے آس پاس سراسیمگی پھیل گئی۔
دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں بم دھماکہ، مولانا حامد الحق سمیت متعدد افراد شہید
قبل ازیں جہانگیرہ تحصیل کے قصبے میں واقع مشہور دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم اور جمیعت علمائے اسلام (سمیع الحق) کے سربراہ مولانا حامدالحق حقانی نماز جمعہ کے بعد مدرسے کی مرکزی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے۔ دھماکے میں مولانا حامد الحق کے علاوہ دیگر کی شہید ہونے کی بھی اطلاع ہے جبکہ زخمیوں میں ان صاحبزادے سمیت مدرسے کے طلبہ اور عام شہری بھی شامل ہیں۔