بھارتی جارحیت پر سیاسی قیادت کا شدید ردعمل، پاک فوج کو بروقت اور مؤثر جواب پر خراجِ تحسین

بدھ 7 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی فضائی حملے کے خلاف ملک کی سیاسی قیادت نے شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی بروقت اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کو سراہا ہے، جبکہ قوم سے اتحاد اور یکجہتی کی اپیل کی ہے۔

جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کی پاکستان پر بھارت کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شب خون مارنے وال ےبزدل دشمن کو کرارا جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

فوٹو: بشکریہ اے پی پی

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے 5 طیارے، بریگیڈ اور بٹالین ہیڈ کوارٹرز تباہ کر کے انہیں اوقات یاد دلا دی۔پاکستان کی شہری آبادی پر بھارتی بمباری جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی سبکی مٹانے کے لیے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے صوابی سے جاری بیان میں کہا کہ بھارت نے پاکستان کی حدود کے اندر بلااشتعال اور سفاکانہ حملے کیے، جن میں معصوم شہری شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلے پہلگام کا ڈرامہ رچایا اور بعد ازاں کوئی ثبوت نہ دے سکا۔ اسد قیصر نے کہا کہ بھارتی حملے کو پاک فضائیہ نے ناکام بنایا، اور یہ حملہ صرف پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی سبکی مٹانے کے لیے کیا گیا۔

انہوں نے اس نازک مرحلے پر بانی پی ٹی آئی کی سلامتی اور رہائی پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان کی قیادت بحران میں قومی اتحاد اور دفاعی حکمتِ عملی کے لیے ناگزیر ہے۔ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

پاک فوج نے دشمن کو سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور کردیا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ شہری آبادی پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے کئی طیارے گرا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور دشمن کو سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور کردیا گیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف خطے کے امن کو تباہ کرنے کا آغاز کر دیا ہے بلکہ آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے کو بھی کھل کر فروغ دے رہے ہیں۔

پاکستان کی خودمختاری سرخ لکیر ہے، ہر وار کا دگنا جواب دیں گے، مریم اورنگزیب

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ دو ٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری ایک سرخ لکیر ہے۔ ہم امن کے خواہاں ضرور ہیں، لیکن کمزور نہیں۔ ہر وار کا دگنا جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 بھارتی طیاروں کو مار گرانا پاک فضائیہ کی بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

بھارتی حملہ ہندوتوا انتہا پسندی کا نتیجہ، عالمی برادری ایٹمی تصادم روکے: خرم دستگیر

سابق وزیرِ دفاع و خارجہ انجینیئر خرم دستگیر خان نے پاکستان کی بین الاقوامی سرحدوں کے اندر بھارتی افواج کی بلا اشتعال دراندازی اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی صریح اور سنگین خلاف ورزی ہے، جس کی سزا بین الاقوامی سطح پر متعین ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر مزید بھارتی پوسٹیں تباہ کر دیں

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک جانب پاکستان کے تحمل کو کمزوری سمجھا، تو دوسری طرف پاکستان دشمنی میں پانی کو بھی ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان کے بقول، بھارت کا یہ حملہ دراصل علاقائی امن کو ہندوتوا انتہا پسندی کی بھینٹ چڑھانے کے مترادف ہے، اور اس کے بھیانک نتائج سے پوری دنیا متاثر ہو سکتی ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنی شہری آبادی، زمینی حدود اور فضائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مؤثر جوابی کارروائی شروع کر دی ہے، اور مزید اقدامات بھی زیرِ غور ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے اور بھارت کو مزید کشیدگی بڑھانے سے روکے، تاکہ خطے کو ایک ممکنہ ایٹمی تصادم سے بچایا جا سکے۔

مودی آج بھی گجرات کے قصاب والی درندہ سوچ پر عمل پیرا ہے، نثار کھوڑو

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے بھارتی جارحیت کے خلاف آج بدھ کے روز سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو کے مطابق، شام کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ مودی سرکار کی دراندازی اور انسانیت دشمن کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فوج پاک فوج کی جوابی کارروائی کا سامنا نہ کرسکی، سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھارتی جارحیت، خاص طور پر شہری علاقوں اور مساجد کو نشانہ بنانے جیسے مظالم کے خلاف منظم احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے مساجد اور معصوم شہریوں پر حملے کروا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ آج بھی گجرات کے قصاب والی درندہ سوچ پر کاربند ہے۔ بھارت کو پاکستان کے منہ توڑ جواب کے نتیجے میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس نازک مرحلے پر پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہر پاکستانی اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ پاکستان کے اتحاد اور افواج کے عزم کے سامنے بھارت کا جنگی جنون شکست کھائے گا۔

’پاکستان زندہ آباد‘ ریلیاں

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک وڈیو بیان میں دہشتگرد مودی اور اسکی بزدل افواج کا پاکستان کے سویلین علاقوں پر حملے کے رد عمل میں پی ٹی آئی سندھ نے سندھ بھر میں ’پاکستان زندہ آباد‘ ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ ریلیاں آج شام سندھ بھر میں پاکستان زندہ آباد، ایک قوم پاکستانی قوم کے عنوان سے نکالی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک قوم بن کر دہشت گرد مودی اور اسکی بزدل افواج کو پاکستان پر کی جانے والی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp