امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے خلیجی دورے کے دوسرے مرحلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ قبل ازیں، انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکا اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ارکان کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں خطے کے ساتھ امریکا کے اسٹریٹجک وابستگی اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا اعادہ کیا۔
#ABD Başkanı Donald #Trump, Ortadoğu turunun ikinci ayağı olan #Katar‘a ulaştı#Qatar pic.twitter.com/qiXUa52wDK
— Rudaw Türkçe (@RudawTurkce) May 14, 2025
اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی۔ معروف عرب ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ کے مطابق اس ملاقات میں امیر قطر نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ وہ اس دورے کے لیے ’بہت پرجوش‘ ہیں جو سرمایہ کاری سے لے کر توانائی تک، بلکہ فوجی تعاون تک تمام محاذوں پر امریکا اور قطر کے مابین تعلقات کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے اس دورے کے نتیجے میں خطے میں امن کے قیام کا موقع مل سکتا ہے۔
قطری امیر نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ! میں آپ کو کئی برسوں سے جانتا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ آپ امن پسند ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ آپ اس خطے میں امن لانا چاہتے ہیں … ہمیں امید ہے کہ اس بار ہم دانش مندانہ کام کریں گے اور امن قائم کریں گے۔
قبل ازیں ٹرمپ نے خلیجی تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس کے موقع پر شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی۔
یہ منظر امریکی صدر کی جانب سے شام پر سے پابندیاں ہٹانے کے اعلان کے ایک دن بعد دیکھنے کو ملا جس سے دمشق میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔














