انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی جیت کے جشن کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے دروازے پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے افراد میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔
یہ بھی پڑھیں آئی پی ایل میں نئی تاریخ رقم، کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلورو پہلی مرتبہ چیمپیئن بن گئی
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کی فاتح ٹیم کے حامی جشن منا رہے تھے اور اس دوران ہزاروں افراد جمع تھے، مرنے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔
حکام نے ابھی تک مرنے والوں اور زخمیوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم میتوں اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھگدڑ اس وقت مچی جب سینکڑوں شائقین نے رکاوٹیں توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس کی جانب سے شائقین کرکٹ پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔
پولیس کے مطابق سڑکوں پر ہجوم زیادہ ہونے کی وجہ سے ایمبولینسز کو اسپتال پہنچنے میں بھی وقت لگا۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کو بڑا دھچکا، سیکیورٹی صورتحال کے سبب آئی پی ایل معطل
واضح رہے کہ آئی پی ایل کے فائنل میں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بینگلورو نے کامیابی حاصل کی ہے، جس کا فائنل گزشتہ رات ہوا تھا۔