آئی پی ایل میں نئی تاریخ رقم، کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلورو پہلی مرتبہ چیمپیئن بن گئی

منگل 3 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رائل چیلنجرز بینگلورو (آر سی بی) نے وراٹ کوہلی کا انڈین پریمیئر لیگ جیتنے کا خواب بالآخر پورا کرتے ہوئے چیمپئن شپ کے فائنل میں پنجاب کنگز کو 6 رنز سے ہرکار کر ٹرافی اپنے نام کرلیا۔

فائنل میں کوہلی کی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کنگز 7 وکٹوں پر 184 رنز بنا سکی۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی خدشات، کونسے غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے بھارت نہیں جارہے؟

پنجاب کنگز کے لیے بھی یہ موقع تھا کہ وہ پہلی بار فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل کرسکے لیکن وہ ناکام رہی۔ اسے آخری اوور میں جیتنے کے لیے 29 رنز درکار تھے مگر وہ 3 چھکوں اور ایک چوکا لگانے کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی۔

اس طرح رائل چیلنجرز 18 سال بعد پہلی مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی جیت گئی۔ یہ جیت کوہلی کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ انہوں نے 18 سال اسی فرنچائز سے کھیلا اور کپتانی بھی کی مگر کبھی فائنل جیت نہیں پائے تاہم اس مرتبہ ٹرافی جیتنے کی ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں آر سی بی نے ٹاس ہار کر پہلے کھیلنے کی دعوت ملنے پر مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے تھے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ کوہلی سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 35 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔

پنجاب کنگز کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور کیل جیمسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیے: بھارت کو بڑا دھچکا، سیکیورٹی صورتحال کے سبب آئی پی ایل معطل

جواب میں پنجاب کنگز7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بناسکی۔ ششانک سنگھ نے 30 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور آخر تک کریز پر رہے۔

آر سی بی کی جانب سے کرونال پانڈے اور بھاونیشور کمار نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp