یورپ سے اصولوں پر مبنی عالمی سیاست کی توقع ہے، سابق وزیر خارجہ خرم دستگیر خان

منگل 17 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستان کا سفارتی وفد فرانس کے شہر اسٹراسبورگ پہنچ گیا ہے، جہاں وفد میں شامل سابق وزیر خارجہ خرم دستگیر خان کے مطابق وفد نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی مؤقف اجاگر کرنے کی غرض سے مختلف رہنماؤں سے مثبت ملاقاتیں کی ہیں۔

اسٹراسبورگ سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں انجینیئر خرم دستگیر خان نے بتایا کہ پاکستانی سفارتی وفد کی یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر سمیت مختلف رہنماؤں سے’اصولوں پر مبنی عالمی نظام‘ کے قیام کے حوالے سے مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پارلیمانی وفد کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات،بھارت کیخلاف پاکستان کا مقدمہ پیش کر دیا

خرم دستگیر کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے مختلف رہنماؤں سے اصولوں پر مبنی عالمی نظام قائم کرنے کے حوالے سے، تاریخ سے سبق سیکھنے کے حوالے سے، خطے میں جنگ روکنے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اس کے بعد گروپ آف دی یورپین پیپلز پارٹی کے خارجہ امور کے ایڈوائزر مائیکل گیلر سے بھی ایک طویل اور تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اپنے ویڈیو بیان میں خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان اور بھارت کے مابین تنازع نے سر اٹھایا اور حال ہی میں اسرائیل اور ایران کے درمیان جان لیوا کشیدگی کے تناظر میں یورپ سے ہماری توقع ہے کہ وہ دنیا میں کچھ قوانین اور اصولوں کی بنیاد پر بین الاقوامی سیاست کی بنیاد کو مضبوط کریں گے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر انڈیا میں ماتم ہو رہا ہے، اسحاق ڈار کی اہم بریفنگ

’۔۔اور یہ روکیں گے کہ ہر ملک اپنی مرضی کے مطابق اپنے دشمن پر بغیر کسی وجہ اور ثبوت کے چڑھ دوڑے، اس پر بڑی گفتگو ہوئی اور ہم نے اس ضمن میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے پر بھی اپنا مؤقف پیش کیا۔‘

خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ طاس معاہدہ قائم نہیں رہتا تو پھر پوری دنیا میں جہاں جہاں بھی ٹرانس باؤنڈری دریا یا پانی سے متعلق تمام معاملات سے وابستہ تمام ممالک خاص طور پر پاکستان جیسے زیریں دھارے والے ممالک ایک ہیجان سے دوچار ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں:پاکستانی عوام دہشتگردی کے خلاف، خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا، بلاول بھٹو

’یورپی پارلیمنٹ میں ہماری گفتگو ابھی جاری ہے لیکن جو پاکستان کا مؤقف اور مقدمہ ہے اسے ایک اچھی شنوائی مل رہی ہے، ایک مثبت سوچ کے ساتھ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین اور مختلف سیاسی گروپ پاکستان کی بات سن رہے ہیں، ہم نے پاکستان کا مقدمہ اپنے دورے میں مکمل مربوط طریقے سے پیش کیا ہے اور یورپی پارلیمنٹ میں بھی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp