وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے امور پر اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ادارے کی موجودہ کارکردگی اور سمندری تجارتی صلاحیت کو بہتر بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں پی این ایس سی کے بیڑے میں فوری اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور لیز پر بحری جہاز حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی بیڑے میں جہازوں کی کمی کے باعث سمندری راستے سے تجارت کے لیے قومی خزانے کو ہرسال قریباً 4 ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بیرون ملک منتقل کرنا پڑتا ہے، جو معیشت پر ایک بھاری بوجھ ہے۔
وزیراعظم نے واضح ہدایت دی کہ آئندہ 2 ہفتوں کے اندر ایک جامع بزنس پلان پیش کیا جائے، جس میں نہ صرف موجودہ بیڑے میں توسیع کا لائحہ عمل ہو بلکہ قومی خزانے سے زرمبادلہ کے اخراجات کم کرنے کے لیے قابلِ عمل تجاویز بھی شامل ہوں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی باحفاظت واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت
اجلاس میں وزیراعظم کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پی این ایس سی کے موجودہ بیڑے میں مختلف نوعیت کے 10 بحری جہاز شامل ہیں، جو مجموعی طور پر 724,643 ٹن کارگو اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری اور پی این ایس سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے موجودہ تجارتی چیلنجز اور جہاز رانی کے شعبے میں ممکنہ اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پی این ایس سی کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے خود کفالت کی جانب گامزن کیا جائے، تاکہ ملک کے قیمتی زرمبادلہ کو محفوظ بنایا جاسکے اور قومی تجارت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔