تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا ہے۔

گرفتاری سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ وکلا کو سیاست نے اتنا تقسیم کر دیا ہے کہ ہماری طاقت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منگل کے روز ہائی کورٹ نے میری ضمانت منظور کی تھی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہو گا کہ ایک وکیل کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ پولیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ضمانت لینے کے لیے عدالت میں آئے تھے جہاں سے گرفتار کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف اور فوج کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی سازش کی جار رہی ہے۔

یاد رہے کہ فواد چوہدری دن 11 بجے سے سپریم کورٹ کی عمارت کے اندر موجود تھے اور اب سیکیورٹی کے کہنے پر باہر آئے جہاں سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد چوہدری نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ  تاریخ میں پہلی بار ایک سینیئر وکیل کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے احاطے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل منگل کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا اور اس دوران حساس تنصیبات پر حملے بھی کیے گئے تھے جس کی پاداش میں مرکزی رہنماؤں سمیت ایک ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے گرفتار ہونے والے رہنماؤں میں اسد عمراور علی زیدی بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp