آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی رات ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں امن کی کوششیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلبا سے گفتگو
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی سے 19 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹینٹ کرنل جنید طارق شہید (عمر 39 سال، ضلع راولپنڈی) اور ان کے سیکنڈ اِن کمانڈ میجر طیّب راحت (عمر 33 سال، ضلع راولپنڈی) نے جامِ شہادت نوش کیا۔ دونوں افسران بہادری سے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔
شہدا میں مزید 9 بہادر جوان شامل ہیں، جن میں نائب صوبیدار اعظم گل (عمر 38 سال، ضلع خیبر)، نائیک عادل حسین (عمر 35 سال، ضلع کرم)، نائیک گل امیر (عمر 34 سال، ضلع ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (عمر 31 سال، ضلع مردان)، لانس نائیک طالش فراز (عمر 32 سال، ضلع مانسہرہ)، لانس نائیک ارشاد حسین (عمر 32 سال، ضلع کرم)، سپاہی طفیل خان (عمر 28 سال، ضلع مالاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (عمر 23 سال، ضلع صوابی)، اور سپاہی محمد زاہد (عمر 24 سال، ضلع ٹانک)۔
مزید پڑھیں:’بنیان المرصوص میں فتح، درحقیقت امن کی جیت ہے‘ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے باقی ماندہ نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے ان بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قومی عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعظم کا اورکزئی آپریشن پر خراجِ تحسین، شہدا کے لیے دعائے مغفرت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کے ہلاک ہونے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں 2 آپریشن، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 13دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
وزیراعظم نے لیفٹینٹ کرنل جنید طارق شہید، میجر طیب راحت اور دیگر شہدا کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے اور حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔













