رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کا سیٹ سیل، مستقبل خطرے میں

بدھ 8 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبول رئیلٹی شو بگ باس کنڑا سیزن 12 کے مرکزی سیٹ کو ماحولیاتی ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیل کر دیا گیا۔

کرناٹک اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ (KSPCB) کی کارروائی کے بعد شو میں شامل تمام17 امیدواروں کو بیڈادی ہی میں واقع ایگلٹن گالف ریزورٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سخت نگرانی میں شو کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس 19 کی میزبانی کے لیے سلمان خان کتنے کروڑ لیں گے؟

ذرائع کے مطابق، KSPCB نے شو کے سیٹ جو کہ جولیووڈ اسٹوڈیوز اینڈ ایڈونچرز میں قائم ہے پر پانی اور ہوا کی آلودگی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی، بغیر اجازت کام کرنے، ناقص سیوریج اور فضلہ منتقلی کے انتظامات پر کارروائی کی۔ بورڈ کے مطابق، متعدد نوٹسز کے باوجود انتظامیہ نے اصلاحی اقدامات نہیں کیے۔

انتظامیہ نے رات کے اوقات میں امیدواروں کو مختلف راستوں سے خاموشی سے ایگلٹن ریزورٹ منتقل کیا، تاکہ میڈیا اور عوام کی توجہ سے بچا جا سکے۔ ریزورٹ میں بھی شو کے سخت اصول نافذ ہیں۔ امیدواروں کو موبائل فون، ٹیلی ویژن یا کسی بھی قسم کے بیرونی رابطے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شکیل صدیقی نے بگ باس کا حصہ بننے سے کیوں انکار کیا؟

چونکہ شو ایک تاخیر سے نشر ہونے والے فارمیٹ پر مبنی ہے، اس لیے فی الحال پہلے سے ریکارڈ شدہ مواد کے ذریعے نشریات کا تسلسل برقرار رکھا جا رہا ہے۔ تاہم، سیٹ کی بندش کے بعد شو کے مستقبل کی راہ غیر یقینی ہو چکی ہے۔

KSPCB کی رپورٹ کے مطابق، بگ باس سیٹ پر قائم سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (STP) غیر فعال تھا اور وہاں سے بغیر صاف کیے گئے گندے پانی کا اخراج ہو رہا تھا۔ مزید برآں، کوڑے کی مناسب علیحدگی اور ماحولیاتی تحفظ کے دیگر تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ‘بگ باس’ آسیب زدہ ہے؟ بھارتی ریئلٹی شو میں شرکت کرنے والے 7 لوگ جو جوانی میں چل بسے

صوبائی وزیر جنگلات ایشور کھندرے نے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ادارہ قانون سے بالاتر نہیں۔ جب کئی بار وارننگز دی گئیں اور ان پر عملدرآمد نہ ہوا تو کارروائی ناگزیر ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق، شو کے منتظمین جلد ہی کرناٹک ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ سیٹ سے سیل ہٹانے کی اجازت حاصل کی جا سکے اور شو کی ریکارڈنگ دوبارہ شروع ہو۔ تاہم، اگر عدالت سے ریلیف نہ ملا تو بگ باس کنڑا سیزن 12 کو قبل از وقت ختم کرنے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

ریئلٹی شو کے شائقین اس صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور سب کی نظریں اب عدالت کے فیصلے اور شو کے آئندہ لائحہ عمل پر مرکوز ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp