وزیراعظم کا بگھی سواری پر سخت نوٹس، آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو تحریری انتباہ

ہفتہ 22 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی کی تقریب کے دوران اسلام آباد کے آئی جی اور چیف کمشنر کی بگھی پر سواری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں افسران پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق 14 اگست کو اسلام آباد میں منعقدہ سرکاری تقریب میں آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر بگھی پر سوار ہوکر پہنچے تھے۔ وزیراعظم کی ناراضی کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جوائنٹ سیکریٹری ڈسپلن نے دونوں افسران کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ سرکاری عہدیداروں کی جانب سے اس نوعیت کی ذاتی نمود و نمائش عوامی خدمت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سول سرونٹس کو عاجزی، ضبط، وقار اور سادگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور آئندہ ایسے طرز عمل سے گریز کیا جائے جس سے سرکاری افسران کو خصوصی مراعات یا نمود و نمائش کا تاثر ملے۔ متعدد میڈیا ذرائع نے وزیراعظم کے نوٹس اور دونوں افسران کو تحریری انتباہ کی تصدیق کی ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب 14 اگست کی تقریب میں آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کی بگھی پر آمد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور صارفین نے سرکاری افسران کے اس انداز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے وضاحت کی تھی کہ دونوں افسران کو تقریب شروع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی کیونکہ وہ اور مہمان خصوصی تاخیر کا شکار تھے، جبکہ بگھی اصل میں مہمان خصوصی کے لیے مختص تھی۔

یہ بھی پڑھیں:’قرضوں میں ڈوبا ملک، افسران شاہی بگھیوں میں‘ سرکاری تقریب پر عوامی و صحافتی حلقوں کی تنقید

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی ناراضی سے دونوں افسران کو 17 اگست کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا، جبکہ خط میں سول سرونٹس کو سادگی برقرار رکھنے اور ایسے طرز عمل سے اجتناب کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم کی جانب سے کارروائی اس امر کی واضح یاد دہانی قرار دی جا رہی ہے کہ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں سے عوامی منصب کے شایانِ شان سادگی اور ذمہ دارانہ طرز عمل کی توقع کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp