سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں موجودہ سیکیورٹی حالات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیریز کو جاری رکھنے کے لیے رضامندی کا اظہار کردیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم سے ملاقات کی ہے، اور انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد سری لنکن بورڈ نے سیریز جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
مزید پڑھیں: سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپسی کا عندیہ دے دیا
سری لنکن ٹیم مینجمنٹ نے بھی کھلاڑیوں سے ون آن ون ملاقاتیں کیں جس کے بعد اب سیریز جاری رکھنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔
🚨 بریکنگ
سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ، اگر کوئی کھلاڑی دورہ جاری رکھنا نہیں چاہتا تو متبادل کا انتظام کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو دورہ جاری رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ
جیو نیوز
— أســـد نثـار (@AsadViews) November 12, 2025
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز جاری رہےگی، تاہم جو کھلاڑی واپس جانا چاہے اسے روکا نہیں جائےگا، اور اس کے متبادل کھلاڑی پاکستان بھیجا جائےگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے دورہ ادھورا چھوڑتے ہوئے اپنے ملک واپس جانے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد پاکستان کے اعلیٰ حکام متحرک ہوگئے۔
ٹیم کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سری لنکن کھلاڑی سیریز جاری رکھنے کے بجائے واپس جانا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ مینجر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا بھی کہنا تھا کہ کھلاڑی اب واپس جانے کے خواہاں ہیں، جس سے دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے آج اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا۔ پاکستان ٹیم نے بھی آج آرام کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سری لنکن ٹیم نے شام میں ہونے والا شیڈول پریکٹس سیشن منسوخ کردیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا پاکستان کے خلاف باقی 2 ون ڈے میچز اور پھر پاکستان میں شیڈول سہ ملکی سیریز کھیلنے والا ہے، تاہم اس دوران ٹیم کی واپسی پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے میچ کہاں دیکھے جاسکتے ہیں؟
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز بھی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد سری لنکن ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے کل راولپنڈی میں شیڈول ہے۔














