وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف بول پڑے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف کو سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ پر بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ ماضی میں ان سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: آپ نے تو جنرل باجوہ کو باپ بنا لیا تھا، خواجہ آصف کا پی ٹی آئی پر طنز
ان کا کہنا تھا کہ جو شخص اپنی سابقہ سہولت کو فراموش کر دے وہ آج کی حکومت کے بارے میں بھی اسی طرح بات کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ وہ نواز شریف اور فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہیں اور بعد میں بھی یہی مؤقف رکھیں گے۔ ’خواجہ آصف سے کوئی بات چیت نہیں کیونکہ ایسا تعلق نہیں رکھتا۔‘
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پاس بے شمار ذمہ داریاں ہیں، وہ کسی صلح صفائی کے لیے وقت نہیں نکال سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا اسحاق ڈار سے روحانی تعلق ہے اور انہیں پیر صاحب کہتے ہیں جبکہ اسحاق ڈار نے کبھی بھی خواجہ آصف کے خلاف بات کرنے کا نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں لیکن انہوں نے مریم نواز سے متعلق نامناسب بات کی۔ اگر وہ مریم نواز کو بیٹی کہتے ہیں تو پھر ان کے بارے میں ایسی گفتگو مناسب نہیں۔
وزیر ریلوے نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں، ہو سکتا ہے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، ہماری مرضی جب چاہیں اعلان کریں۔
مزید پڑھیں: جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے مارشل لا نافذ کرنے کی دھمکی دی تھی، خواجہ آصف
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صورتحال بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسی ہے، ہم نے بہت جیلیں دیکھیں لیکن کبھی ملک کے خلاف سازش نہیں کی۔














