سابق انگلینڈ کرکٹر معین علی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ سیزن کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 میں حصہ لیں گے جس کے نتیجے میں وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں نہیں کھیل پائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے اسٹار کھلاڑی نے آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کرلیا
38 سالہ آل راؤنڈر نے انگلینڈ کے لیے 92 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں اور وہ فاف ڈوپلیس کے بعد دوسرے غیر ملکی کھلاڑی ہیں جنہوں نے قریبی مدت میں پی ایس ایل میں شمولیت کا اعلان کیا۔
آئی پی ایل میں پرفارمنس
مزید پڑھیے: ٹی 20 کرکٹ: ڈوپلیسی نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا
معین علی سنہ 2018 سے ہر آئی پی ایل سیزن کا حصہ رہے ہیں جہاں انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور، چنائی سپر کنگز اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی۔ مجموعی طور پر 73 میچز میں انہوں نے 1167 رنز بنائے اور 41 وکٹیں حاصل کیں۔
سنہ2025 سیزن میں وہ کے کے آر اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن صرف 6 میچز کھیلے اور بعد میں انہیں منی آکشن سے قبل ٹیم نے ریلیز کر دیا۔
پی ایس ایل کا تجربہ
معین علی پہلے بھی ایک پی ایس ایل سیزن میں کھیل چکے ہیں جب انہوں نے ملتان سلطانز کے لیے 9 میچز میں حصہ لیا تھا۔
مزید پڑھیں: پشاور پی ایس ایل کی میزبانی کو تیار، گورنر کنڈی کا اسٹیڈیم کا دورہ
توقع ہے کہ معین علی کی شمولیت پی ایس ایل 2026 کے مقابلوں کو مزید سنسنی خیز اور دلچسپ بنائے گی۔













