انیل امبانی کا بیٹا 228 کروڑ کے بینک فراڈ کیس میں ملوث، سی بی آئی کا مقدمہ درج

منگل 9 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے معروف صنعتکار انیل امبانی کے بیٹے جے انمول امبانی کے خلاف 228.06 کروڑ روپے کے مبینہ بینک فراڈ کیس میں فوجداری مقدمہ درج کر لیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ امبانی خاندان کے کسی رکن کے خلاف اس نوعیت کا مجرمانہ کیس سامنے آیا ہے۔

سی بی آئی کی ایف آئی آر کے مطابق، یہ مقدمہ رِلائنس ہاؤسنگ فنانس لمیٹڈ (RHFL) سے منسلک مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔ کیس میں کمپنی کے سابق سی ای او اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر رویندرا سدھالکر سمیت نامعلوم افراد اور نامعلوم سرکاری افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے انیل امبانی کے قریبی ساتھی آشوک کمار پال کی گرفتاری کی وجہ کیا بنی؟

شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے دھوکا دہی، مجرمانہ سازش اور مجرمانہ بدعنوانی کے ذریعے بینک کو 228 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ تحریری شکایت کے مطابق جے انمول امبانی، سدھالکر اور دیگر افراد قرضوں کے اجرا اور ادائیگی میں بے قاعدگیوں کے مرتکب ہوئے، جس سے متعلقہ بینک کو بھاری مالی خسارہ ہوا۔

تحقیقات کا دائرہ بڑھنے کا امکان

سی بی آئی RHFL کی قرض اسکیموں، ریکارڈز، داخلی دستاویزات اور بینک اکاؤنٹس کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ حکام کے مطابق کمپنی کے دیگر عہدیداروں اور بینک ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے امبانی گروپ کی 85 کروڑ ڈالر مالیت کی جائیدادیں منجمد

تاحال انیل امبانی گروپ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp