گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کسی اور جیل میں منتقلی کی درخواست کی ہے۔
چینیوٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو اڈیالہ جیل کے بجائے اپنے صوبے میں رہنا چاہیے، اور ان کے ساتھ جیل مینوئل کے مطابق سلوک کیا جائے۔
مزید پڑھیں: اڈیالہ کے باہر احتجاج ہوا تو عمران خان کو کسی دوسری جیل منتقلی پر غور ہوگا، رانا ثنااللہ
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ قیدیوں کو دیسی مرغی کھلانے اور جم جیسی سہولتیں فراہم کرنی چاہییں، اور اس میں کسی خاص قیدی کے ساتھ امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے صوبے کی بہتری کے لیے وفاق سے رابطہ رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ صوبے کے حقوق دلیل کے ذریعے حاصل کرنے چاہییں، دہشتگردوں سے مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔
گورنر نے کہاکہ جنگ میں کامیابی کے بعد عالمی برادری پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات بڑھانا چاہتی ہے، لیکن جب کوئی غیر ملکی وفد آتا ہے تو پی ٹی آئی کے کارکن احتجاج کرتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ صرف پلی بارگین کے ذریعے لوگوں کو نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: کے پی میں گورنر راج یا عمران خان کی کسی اور جیل منتقلی سے ملک انارکی کی طرف جائے گا، اسد قیصر
انہوں نے کوہستان کے 50 ارب روپے اور بلین ٹری اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کیسز پر کارروائی نہ ہونے سے کرپشن میں ملوث افراد بے نقاب نہیں ہو سکے، اور انہیں قانونی کارروائی کے تحت گرفتار کیا جانا چاہیے۔














