پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کیس، سپر اسٹار الو ارجن چارج شیٹ میں نامزد

ہفتہ 27 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’بھارتی فلم پشپا 2: دی رول‘ کے پریمیئر شو کے دوران پیش آنے والے المناک بھگدڑ واقعے میں تیلگو فلم انڈسٹری کے معروف اداکار الو ارجن کو بھی ملزمان میں شامل کر لیا گیا ہے، پولیس نے ایک سال بعد مقدمے کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پشپا 2 کے پریمیئر شو کے دوران بھگدڑ کے واقعے سے متعلق حیدرآباد کی نامپلی عدالت میں پولیس نے باقاعدہ چارج شیٹ جمع کرا دی ہے، جس میں اداکار الو ارجن سمیت مجموعی طور پر 24 افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پشپا 2 کا ہیرو الو ارجن جیل میں رات گزارنے کے بعد رہا، پرستاروں کو کیا پیغام دیا؟

یہ چارج شیٹ 9ویں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کی گئی، جہاں کیس اب باقاعدہ عدالتی کارروائی کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ 4 دسمبر 2024 کو حیدرآباد کے علاقے آر ٹی سی ایکس روڈز میں واقع سندھیا تھیٹر میں پیش آیا، جہاں فلم کے پریمیئر کے موقع پر الو ارجن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد جمع ہو گئی تھی۔

پولیس کے مطابق بے قابو ہجوم کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون رِوتھی ہلاک ہو گئیں جبکہ ان کا کمسن بیٹا سریتیج شدید زخمی ہو کر آکسیجن کی کمی کا شکار ہوا، جس کے باعث وہ تاحال سنگین طبی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ واقعہ مجموعی غفلت اور حفاظتی انتظامات میں ناکامی کا نتیجہ تھا۔ چارج شیٹ کے مطابق سندھیا تھیٹر کی انتظامیہ اور مالکان نے ہجوم پر قابو پانے کے مناسب انتظامات نہیں کیے، حالانکہ انہیں اداکار کی آمد اور ممکنہ رش کا بخوبی اندازہ تھا۔ پولیس نے یہ بھی نشاندہی کی کہ وی آئی پی مہمانوں کے لیے علیحدہ داخلی اور خارجی راستے فراہم نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:’پشپا 2‘ کے ہیرو الو ارجن کو پولیس نے گرفتار کرلیا

چارج شیٹ میں الو ارجن کو اس بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے کہ انہوں نے خطرناک حالات کے باوجود تھیٹر کا دورہ کیا اور مقامی انتظامیہ سے مناسب رابطہ نہیں رکھا، حالانکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کی آمد کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

رپورٹ میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ نجی سیکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت اور بعض اشاروں نے ہجوم کو مزید مشتعل کیا۔

پولیس نے تھیٹر مالکان کے خلاف بھارتی تعزیرات قانون کی دفعہ 304-اے کے تحت غفلت کے باعث موت کا مقدمہ درج کیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان پر عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور جسمانی نقصان سے متعلق دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ ملزمان کی فہرست میں الو ارجن کے ذاتی منیجر، عملے کے افراد اور 8 نجی باؤنسرز بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ الو ارجن کو دسمبر 2024 میں مختصر طور پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت مل گئی تھی۔ پولیس کے مطابق اداکار نے تفتیش کے دوران تعاون کیا۔ دوسری جانب متاثرہ خاندان نے واقعے پر انصاف، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور زخمی بچے کے علاج کے لیے مزید معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

عالمی سیاسی صورتِ حال کیسے پاکستانی فری لانسرز اور کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے؟

نہال ہاشمی کے گورنر سندھ بننے سے صوبے اور کراچی کی سیاست میں کیا تبدیلی آئے گی؟

ایوان صدر میں قومی اعزازات کی تقریب 28 اپریل کو منعقد ہوگی، نوٹیفکیشن جاری

پشاور کے سب سے بڑے افطار دسترخوان کا مینیو: مچھلی، چھوٹا گوشت، پلاؤ، مگر یہ سب ممکن کیسے ہوتا ہے؟

کوئٹہ: رمضان المبارک کی راتوں میں کس قسم کی محفلیں سجتی ہیں؟

ویڈیو

پشاور کے سب سے بڑے افطار دسترخوان کا مینیو: مچھلی، چھوٹا گوشت، پلاؤ، مگر یہ سب ممکن کیسے ہوتا ہے؟

کوئٹہ: رمضان المبارک کی راتوں میں کس قسم کی محفلیں سجتی ہیں؟

خطے کے دفاع کے لیے پاکستان، مصر اور ترکیہ کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، سفارتکار جاوید حفیظ

کالم / تجزیہ

افغانوں کی تباہی کے ذمہ دار فسادی افغان طالبان ہیں

پاک افغان تعلقات: ایک پہلو یہ بھی ہے

صحافت کا افتخار اور فیض صاحب کا مرثیہ