وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مزید کوئی مزاحمت کرنا چاہتی ہے تو کرکے دیکھ لے، پیشگی شرائط پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیر خیریت سے پنجاب میں آئے اور واپس گئے، حکومت کی طرف سے انہیں سیکیورٹی دی گئی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی ہر منگل اور جمعرات کو اڈیالہ کے باہر ڈراما لگاتی ہے، باز نہ آنے پر حل نکالنا ہوگا، رانا ثنااللہ
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے لیے پنجاب میں سیکھنے کے لیے بہت کچھ تھا، ہم پشاور اور لاہور کا مقابلہ عام پاکستانی کے لیے کررہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی تو خیبرپختونخوا میں ایک میٹرو نہیں بنا سکی، حالانکہ صوبے کو وفاق سے 600 ارب روپے اضافی دیے گئے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دورہ پنجاب سے واپسی کے بعد ناروا سلوک کا شکوہ کیا تھا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے شکوے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی انہیں سخت جواب دیا تھا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سہیل آفریدی صاحب! آپ کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر حملہ ہوتا ہے اور بار بار ہوتا ہے۔
’جب آپ کی پارٹی کی قیادت بشمول آپ کے پاکستان کی وحدت پر حملہ کرتے ہیں، آپ کے کارکنان آپ کی قیادت کی آشیر باد سے انتہائی گندی زبان سوشل میڈیا پر استعمال کرتے ہیں، اس وقت بھی آئینی عہدوں اور بین الصوبائی عزت خراب ہو رہی ھوتی ہے۔‘
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکرات سے قبل اپنے کیے پر دنیا کے سامنے معافی مانگے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آئیں سب مل کر اس کی مذمت اور سدباب کرتے ہیں۔












