انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں تیز رفتار بس کو حادثہ، 16 افراد ہلاک
مقامی حکام پیر کو بتایا کہ آگ شمالی سولاویسی کے صوبائی دارالحکومت ماناڈو میں واقع دامائی ریٹائرمنٹ ہوم میں لگی۔ شہر کے فائر اینڈ ریسکیو ادارے کے سربراہ جمی روٹن سولو کے مطابق فائر بریگیڈ کو مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات 8 بج کر 30 منٹ پر اطلاع موصول ہوئی۔
انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد جھلسنے کے باعث زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق زیادہ تر متاثرین اپنی کمروں کے اندر پائے گئے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آگ لگنے کے وقت بزرگ افراد آرام کر رہے تھے۔ تاہم ریسکیو ٹیموں نے 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا جنہیں احتیاطی طبی معائنے کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مکمل طور پر محفوظ قرار دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ پر تقریباً ایک گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے تاہم بعض لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ناقابلِ شناخت ہیں۔
مزید پڑھیے: انڈونیشیا کے بولر نے ٹی20 انٹرنیشنل میں نئی تاریخ رقم کر دی
حکام نے متاثرہ افراد کے اہلخانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ لاشوں کی شناخت کے لیے متعلقہ اسپتال سے رابطہ کریں۔
قریبی رہائشی اسٹیون موکوڈومپٹ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آگ ممکنہ طور پر نرسنگ ہوم کے کچن سے بھڑکی۔ ان کے مطابق صرف 5 منٹ کے اندر آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے اور مدد کے لیے چیخ و پکار سننے کے بعد مقامی افراد نے میزوں اور سیڑھیوں کی مدد سے عمارت کے پچھلے حصے سے بزرگوں کو نکالنے میں مدد کی۔
مقامی ٹی وی چینل میٹرو ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرسنگ ہوم شعلوں کی لپیٹ میں ہے جبکہ مقامی افراد اور ریسکیو اہلکار بزرگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں آتش زدگی کے واقعات غیر معمولی نہیں کیونکہ 17 ہزار سے زائد جزیروں پر مشتمل اس ملک میں حفاظتی معیارات اور ان پر عملدرآمد مختلف علاقوں میں یکساں نہیں۔
مزید پڑھیں: انڈونیشیا اور سعودی عرب کے درمیان تجارت 6.6 بلین ڈالر تک پہنچ گئی
رواں ماہ کے آغاز میں دارالحکومت جکارتہ میں 7 منزلہ دفتر کی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 2023 میں مشرقی انڈونیشیا میں نکل پروسیسنگ پلانٹ میں دھماکے سے 12 افراد جان سے گئے تھے۔














