کوئٹہ: کسٹمز کی بڑی کارروائی، 18 کروڑ روپے سے زائد کا اسمگل شدہ سامان ضبط

پیر 5 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی متعدد کارروائیوں کے دوران 18 کروڑ 32 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں کوئٹہ اور ضلع قلات کے علاقے منگچر میں انٹیلی جنس بیورو اور فرنٹیئر کور کے تعاون سے کی گئیں۔

بیان کے مطابق ضبط کیے گئے سامان میں غیر ملکی چھالیہ، سگریٹ، ٹائر، کپڑا اور کمپیوٹر سرورز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کسٹمز کی بڑی کارروائی، 55 کروڑ 24 لاکھ روپے کی 188 کلو چرس پکڑلی

برآمد کیے گئے اسمگل شدہ سامان کی مجموعی عبوری مالیت 18 کروڑ 32 لاکھ 30 ہزار روپے لگائی گئی ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں مستند اور قابلِ عمل انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں، جو کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے اسمگلنگ کے خلاف پختہ عزم اور قومی معیشت کے تحفظ کے عہد کی عکاس ہیں۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بروقت تعاون اور مؤثر رابطہ کاری نے ان کارروائیوں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی کارروائیاں، 31 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط

ایف بی آر نے اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت اور بدعنوان طریقوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی اور قومی معاشی مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

بیان کے مطابق 27 دسمبر کو بھی کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے متعدد کارروائیوں کے دوران 31 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا تھا۔

ایف بی آر کے مطابق ضبط کیے گئے سگریٹس کی مالیت 20 کروڑ روپے لگائی گئی ہے، جبکہ یہ سامان طے شدہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے تحت سخت نگرانی اور جانچ پڑتال کے بعد برآمد کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp