اسحاق ڈار اور مارکو روبیو ملاقات: امریکی وزیر خارجہ کا علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف

جمعہ 29 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعے کو واشنگٹن میں ملاقات کی جس میں انہوں نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی نیویارک میں چینی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان کے مطابق مارکو روبیو نے علاقائی امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقعے پر تجارت و سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطحی روابط کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے شراکتی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی، جس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔

مزید پڑھیے: نیویارک: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آذربائیجان اور کمبوڈیا کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان فریقین یعنی امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ایک پائیدار امن معاہدے کی کوششوں میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور اب تک مستقل مزاجی، خلوص اور انتھک محنت کا مظاہرہ کرتا آیا ہے جس کے اب ثمرات بھی نمایاں ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی سفارتکاری رنگ لے آئی، اسحاق ڈار نے اہم پیشرفت کی تصدیق کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی عندیہ دے چکے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز کی بحالی سے متعلق واشنگٹن اور تہران کے درمیان پیشرفت ہو رہی ہے۔

امریکا اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے، روبیو

دریں اثنا امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے بھی نئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پیغام شیئرکیا جس میں انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کا تذکرہ کیا۔

مارکو روبیو نے کہا کہ میں نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور امریکا کی سلامتی کو بہتر بنانے اور مزید خوشحالی کے لیے ایک مضبوط اور بامعنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مل کر کام کرنا انتہائی اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کی ملاقات میں کن امور پر گفتگو ہوئی؟

یاد رہے کہ پاکستان نے 8 اپریل کو تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے براہ راست مذاکرات نے دونوں ممالک کے درمیان مزید بات چیت کی راہ ہموار کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp