پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ سے قبل سابق ملتان سلطانز کپتان محمد رضوان ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئے ہیں۔ اگر ملتان سلطانز نے انہیں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تو نئی فرنچائز سیالکوٹ انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آرہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کی ملکیت کا معاہدہ ختم ہونے کے قریب، پی سی بی فرنچائز کا کنٹرول سنبھالے گا
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ فرنچائز کی جانب سے محمد رضوان کو کپتان بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، بشرطیکہ وہ ملتان سلطانز سے دستیاب ہو جائیں۔ نئی فرنچائز اپنی ٹیم کی بنیاد رکھنے کے لیے کسی تجربہ کار پاکستانی انٹرنیشنل کھلاڑی کو قیادت سونپنے کی خواہاں ہے۔
سیالکوٹ کی انتظامیہ کوچنگ اسٹاف کے لیے بھی مختلف آپشنز پر غور کررہی ہے اور سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو کوچ بنانے کی اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سیالکوٹ فرنچائز کے مالک حمزہ مجید پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ٹیم کا کپتان پاکستان یا آسٹریلیا سے ہوگا، جس کے بعد محمد رضوان کا نام مزید مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی نئی ٹیم ‘سیالکوٹ’ خریدنے والے حمزہ مجید کے پسندیدہ کھلاڑی کون ہیں؟ نام بتا دیے
دوسری جانب ملتان سلطانز میں بھی قیادت کے معاملے پر صورتحال غیر یقینی ہے۔ محمد رضوان کے کپتانی چھوڑنے کے بعد، جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے علی ترین کی علیحدگی کے بعد فرنچائز کے انتظامی امور سنبھالے، تو قیادت کے لیے نئے ناموں پر غور شروع ہوا، سلمان علی آغا کو ممکنہ کپتان کے طور پر زیر غور لایا جارہا ہے۔
ادھر سیالکوٹ فرنچائز کی تیاریوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، فرنچائز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا باضابطہ نام، صدر اور لوگو آئندہ چند دنوں میں سامنے لایا جائے گا، جس کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے 2026 کے توسیع شدہ سیزن سے قبل ٹیم کی شناخت مکمل کر لی جائے گی۔














