لندن اور بیجنگ میں قربت؟ برطانوی وزیر اعظم اسٹارمر کا چین کا اہم دورہ شروع

بدھ 28 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر  چین کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ 8 سال بعد کسی برطانوی رہنما کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس دورے کا مقصد چین کے ساتھ تعلقات کی بحالی، اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور ایک غیر متوقع امریکا پر انحصار کم کرنا بتایا جا رہا ہے۔

امریکا سے تناؤ، چین کی جانب سفارتی قدم

اسٹارمر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب برطانیہ اور اس کے دیرینہ اتحادی امریکا کے درمیان تناؤ پایا جاتا ہے، خاص طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور گرین لینڈ پر کنٹرول سے متعلق دعوؤں کے بعد۔ ماہرین کے مطابق لندن موجودہ عالمی حالات میں اپنے سفارتی اور معاشی آپشنز کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

کنگز کالج لندن کے پروفیسر کیری براؤن کے مطابق، اس دورے میں سب سے اہم سوال یہ ہوگا کہ برطانیہ اور چین امریکا اور صدر ٹرمپ کے موجودہ رویے کو کس طرح دیکھتے ہیں۔ بعض عالمی معاملات، جیسے مصنوعی ذہانت، صحت عامہ اور ماحولیات پر، لندن واشنگٹن کے مقابلے میں بیجنگ کے زیادہ قریب نظر آتا ہے۔

اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور کاروباری وفد

3 روزہ دورے کے دوران کیئر اسٹارمر چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ شنگھائی جائیں گے اور مختصر دورے پر جاپان بھی روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے امریکا کی ٹریڈ وار نے برطانیہ اور چین کو قریب کردیا؟

اسٹارمر کے ہمراہ درجنوں کاروباری رہنما اور 2 وزرا بھی چین جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وفد میں ایچ ایس بی سی کے چیئرمین برینڈن نیلسن اور ایسٹرا زینیکا کے چیف ایگزیکٹو پاسکل سوریو بھی شامل ہیں۔

برطانیہ کی معیشت، چین پر امیدیں

برطانوی حکومت چین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کو اسٹارمر کے اس وعدے سے جوڑ رہی ہے جس کے تحت وہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور سرکاری خدمات میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔

چینی وزارتِ تجارت کے مطابق اس دورے کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی پر برطانوی قبضہ، وجہ کیا بنی؟

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکن نے کہا کہ چین اس دورے کو چین برطانیہ تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کے ایک نئے باب کے طور پر دیکھتا ہے۔

مغربی رہنماؤں کے ملے جلے تجربات

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں کئی مغربی رہنما چین کا دورہ کر چکے ہیں، تاہم نتائج مختلف رہے ہیں۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے چین کے ساتھ ایک اقتصادی معاہدہ کیا، جس کے بعد ٹرمپ نے کینیڈا پر 100 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے دورے سے نمایاں معاشی فوائد حاصل نہ ہو سکے۔

ناقدین کا مؤقف: امریکا کا نعم البدل مشکل

چین اسٹریٹجک رسکس انسٹیٹیوٹ لندن کے پالیسی ڈائریکٹر سیم گڈمین کے مطابق، برطانیہ کو چین کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے باوجود اب تک خاطر خواہ معاشی فوائد حاصل نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ چین برطانیہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا صرف 0.2 فیصد حصہ رکھتا ہے، جبکہ امریکا کا حصہ تقریباً ایک تہائی ہے۔

’اصل سوال یہ ہے کہ اس دورے کا عملی فائدہ کیا ہوگا؟ کیا اس سے واقعی برطانوی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی؟‘

سیکیورٹی خدشات بھی موجود

اسٹارمر کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ان کی حکومت نے لندن میں چین کے متنازع میگا ایمبیسی منصوبے کی منظوری دی، جس پر بعض سیاستدانوں نے جاسوسی کے خدشات ظاہر کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیے چین نے 70 سے زائد ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت فراہم کر دی

گزشتہ ماہ اسٹارمر نے واضح کیا تھا کہ چین برطانیہ کے لیے قومی سلامتی کے خطرات بھی رکھتا ہے، تاہم ان کے بقول قریبی تجارتی تعلقات قومی مفاد میں ہیں۔

یہ دورہ ایسے حساس عالمی ماحول میں ہو رہا ہے جب امریکا اور مغربی اتحادیوں کے تعلقات خود دباؤ کا شکار ہیں، خاص طور پر ٹرمپ کے اس دعوے کے بعد کہ امریکا کو گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہیے کیونکہ چین آرکٹک خطے میں خطرہ بن رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کینیا کے شہریوں کی یوکرین میں فوجی بھرتی بند کرنے پر روس کا اتفاق

اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کے بعد استحکام، انڈیکس میں 837 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان کے فضائی حملوں میں کابل کے اسپتال کو نشانہ بنائے جانے کے دعوؤں کی پاکستان کی جانب سے تردید

پنجاب میں ایگری انٹرن پروگرام کے مثبت اثرات، گندم کی پیداوار میں اضافہ

انجری کے بعد واپسی مشکل، نیمار ایک بار پھر برازیل کے اسکواڈ سے باہر

ویڈیو

اسلام آباد کا عید بازار جہاں خواتین کے لیے رنگ برنگے اسٹالز موجود ہیں

وی ایکسکلوسیو، شہباز شریف عوام کو ریلیف بجٹ دیں اور بتائیں کہ موجودہ مشکلات ختم ہوجائیں گی: خرم دستگیر

کیا آپ کی غلطیاں آپ کو جینے نہیں دے رہیں، دل کو ری سیٹ کیسے کریں؟

کالم / تجزیہ

پاک افغان تعلقات: ایک پہلو یہ بھی ہے

صحافت کا افتخار اور فیض صاحب کا مرثیہ

کھلے دل سے اعتراف اور قصہ ’رمضان عیدی‘کا