کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو بھرپور خراجِ تحسین، یومِ یکجہتیٔ کشمیر عقیدت و جوش سے منایا جارہا ہے

جمعرات 5 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا۔ اس موقع پر پورے ملک میں عام تعطیل ہے۔

مظفرآباد میں صبح 9 بجے سے 10 بجے کے درمیان سائرن بجائے گئے اور کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ملک کے مختلف حصوں میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقاریب منعقد ہوئیں، جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے مختلف مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

یومِ یکجہتیٔ کشمیر: صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ دن کشمیریوں سے غیر متزلزل یکجہتی کی تجدید کا دن ہے، اور دنیا بھر میں پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی نظر آئی۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

افواجِ پاکستان کا کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

افواجِ پاکستان نے بھی کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، اور عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ افواجِ پاکستان نے واضح کیا کہ آزادی اور وقار کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔

نائب وزیراعظم نے یومِ یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی قبضے میں کشمیری عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں، مگر ان کی ثابت قدمی ان کے حقِ خودارادیت کی جوازیت کو ظاہر کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نافذ نہ کرنے کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں قانونی تحفظات ختم کیے اور مقامی اداروں کو کمزور کیا۔ مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بنیادی آزادیوں پر پابندیاں جاری رہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے قریباً 2,800 افراد کی بلاجواز حراست پر تشویش ظاہر کی ہے۔

نائب وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات کا احتساب کرنے اور کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی طور پر کھڑا رہا اور کشمیری تنازعہ کے پائیدار اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رہے گی، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے یوم یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا تنازع 1948ء سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، ہزاروں کشمیری سیاسی کارکنان بلاجواز بھارتی جیلوں میں قید ہیں، اور اظہار رائے اور میڈیا پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات مقبوضہ خطے کی آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر بھارتی جبر کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کا یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعلان

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے یوم یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر کہا کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت بنیادی اور تسلیم شدہ حق ہے اور پاکستان اس کے لیے بھرپور موقف رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی موجودگی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات نے خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھایا۔

وزیر نے بتایا کہ کشمیری عوام کو طویل عرصے سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا ہے، جن میں آبادیاتی تبدیلی، مکانات کی مسماری، ڈیجیٹل قدغنیں، مذہبی مقامات کو نشانہ بنانا اور اداروں کی نگرانی شامل ہیں، جو سب مذہبی تعصب اور حقوق کی پامالی کو ظاہر کرتی ہیں۔

خالد حسین مگسی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

یومِ یکجہتیٔ کشمیر: شیری رحمان کا کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ

نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے 5 فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے، جرأت اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947 سے کشمیری عوام بھارت کے بدترین مظالم اور نسل کشی کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ مودی سرکار کی نام نہاد جمہوریت پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ظلم، جبر اور غیر قانونی اقدامات کشمیریوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ایک نظریاتی اور بنیادی قومی مسئلہ کے طور پر اجاگر کیا ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو سے بلاول بھٹو زرداری تک پارٹی قیادت کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل طور پر کھڑی رہی ہے۔

حمزہ شہباز شریف کا یومِ یکجہتی کشمیر پر پیغام: کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رہے گی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے یوم یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر صرف زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقِ خودارادیت کا مقدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جسموں کو زخمی کر سکتے ہیں، مگر ان کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو کبھی قید نہیں کیا جا سکتا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق نہیں ملتا، خطے میں پائیدار امن کا خواب ادھورا رہے گا۔ انہوں نے دہائیوں سے جاری ظلم و ستم کو انسانی حقوق کے خلاف بدترین جرم قرار دیا اور کہا کہ بھارتی ظلم کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے اور استقلال میں کوئی لغزش نہیں آئی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے لیے ہر فورم پر سینہ سپر رہے گا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ کلمہ طیبہ اور جغرافیہ کی ایسی لکیر سے جڑا ہے جسے کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی اور عالمی برادری کو سمجھنا ہوگا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی محض علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سرمد کھوسٹ کی فلم ’لالی‘ ، پاکستان کی پہلی مکمل فیچر فلم نے عالمی سینما میں دھوم مچا دی

بنگلہ دیش نے بھارتی اسپائس جیٹ کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

ایپسٹین کے مشیروں کیخلاف مقدمہ تصفیے پر منتج، ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کی ادائیگی پر آمادگی

مودی سرکار کے بھارت میں اقلیتیں مسلسل احساسِ محرومی اور امتیازی سلوک کا شکار

عماد وسیم کی دھمکیاں منظر عام پر، سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے واٹس ایپ چیٹس شیئر دیں

ویڈیو

ٹوڈے بائٹس رمضان فیسٹیول، ریاض میں افطار کے لیے فیملیز کی پسندیدہ منزل

پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے واقعی سنجیدہ ہے؟

وزیرستان کی کم عمر کرکٹر آئینہ جو محنت کی پچ پر کامیابی کی اننگز کھیلنا چاہتی ہیں

کالم / تجزیہ

مجھے سب ہے یاد ذرا ذرا

عماد وسیم کی دوسری شادی پر ہنگامہ کیوں؟

بنگلہ دیشی الیکشن، اور سونے کی درست ترتیب