خیبرپخونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور رہنما پاکستان تحریک انصاف علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم شہباز شریف کہا ہے کہ ان کو آج ایک سنہری موقع ملا ہے لہٰذا وہ راست اقدام کے ذریعے سابق وزیراعظم عمران خان کا ماضی کا احسان اتاردیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں کے پی ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کا دھرنا جاری، عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے تک احتجاج کا اعلان
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان اور ہم نے 30 روپے کے اسٹامپ پیپر پر انسانیت کی خاطر نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا اور وہ گئے اور (فوری) واپس بھی نہیں آئے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’میں شہباز شریف سے کہوں گا کہ عمران خان نے اتنا بڑا ظرف دکھایا اور آج آپ کے پاس یہ موقع ہے کہ آپ عمران خان کا وہ احسان اتاریں اور ان کو علاج کے لیے باہر بھجوائیں‘۔
مزید پڑھیے: عمران خان کی صحت کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دوں گا، سہیل آفریدی نے واضح کردیا
انہوں نے کہا کہ میں سسٹم کا حصہ رہا ہوں اور مجھے سب پتا ہے کہ وزیراعظم کو ایسی باتوں کے لیے ’کسی‘ سے پوچھنے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اس موقعے سے فائدہ نہیں اٹھاتے تو اس کا مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے لیے ہدایت کے دروازے نہیں کھولے جس پر آپ اللہ سے معافی بھی مانگیں۔
ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب میں وزیراعلیٰ نہیں ہوں ہاں جب تھا تب تو حکومت کو مجھے ’گم‘ کروانے کا فائدہ ہوتا تاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کو انارکی میں دھکیل دیا جاتا لیکن اب میری گرفتاری یا اغوا سے ان لوگوں کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب اشتہاری قرار، وارنٹ گرفتاری جاری
تاہم انہوں نے کہا کہ پھر بھی اگر یہ مجھے گرفتار کرنا چاہیں اور وارنٹ لے آئیں تو میں تیار ہوں کیوں کہ جیلیں مردوں کے لیے ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاں میری یہ دعا ضرور ہوگی کہ میں جیل جاؤں تو کسی مقصد کے تحت جاؤں کسی جرم میں نہ جاؤں۔
انسانیت کی خاطر عمران خان نے یہ فیصلہ لیا کہ نواز شریف باہر جائیں۔ میں آج شہباز شریف سے کہوں گا کہ آپ کے پاس اعلیٰ ظرف ہونے کا موقع ہے یہ احسان اتاریں۔ چاہے جیسے بھی ہیں وہ وزیر اعظم ہیں اور وزیر اعظم میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ کسی سے پوچھے بغیر فیصلہ کرے، علی امین گنڈاپور pic.twitter.com/VxHSods1I4
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) February 14, 2026
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان وہ شخصیت ہیں جنہوں نے وزیراعظم بن کر ’پورے ملک کو ہیلتھ کارڈ دیا‘ اور آج ان کی صحت کا مسئلہ ہے اور حکومت ان پر قدغنیں لگا کر اپنا مذاق اڑوا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر کی 3 گھنٹے تک ملاقات، صحت سے متعلق حقائق سامنے رکھ دیے
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’اس طرز عمل سے آپ اپنے مذہب، ملک، روایات اور ثقافت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں لہٰذا آپ اس ضد سے عمل سے گریز کریں اور عمران خان کا درست علاج کرواکر ان کو ان کا حق دیں‘۔














