اینٹی نارکوٹکس فورس یعنی اے این ایف نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر ملکی منشیات فروش نیٹ ورک کے سرغنہ سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران نائجیرین گروہ کو بے نقاب کیا گیا جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبا کو کوکین اور آئس فراہم کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، 400 کلو منشیات برآمد، 5 گرفتار
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 860 گرام کوکین کیپسولز، کوکین کے پیکٹس اور میتھ ایمفیٹامائن برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور رابطوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کوئٹہ میں کارروائی، سوا 2 ٹن سے زائد منشیات برآمد
حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات کی فراہمی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور ایسے گروہوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔













