اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فیملی سے ملاقات کرا دی گئی۔
مزید پڑھیں: 26 نومبر احتجاج کیس: بشریٰ بی بی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم، علیمہ خان کے وارنٹ جاری
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں ان کی بھابی اور بھتیجا شامل تھے۔ ملاقات کے دوران فیملی کے معاملات اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آنکھ کے علاج پر بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کو ایک اور مقدمے میں ریلیف بھی مل گیا، تھانہ رمنا کے مقدمے میں ان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں 26 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیا نے کی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر سلمان عدالت میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے عمران خان کیخلاف ضمانت منسوخی کے 4 اہم مقدمات واپس لے لیے
عدالت نے تھانہ رمنا کے مقدمے میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض انہیں رہائی کی اجازت دی۔













