پشاور میں قائم امریکی قونصلیٹ جنرل نے ملک کے مختلف شہروں میں جاری احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے باعث پیر سے اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور کراچی و لاہور میں امریکی قونصلیٹس نے بھی پیر 2 مارچ کے لیے تمام ویزا اور امریکن سٹیزن سروسز کی اپائنٹمنٹس منسوخ کر دیں۔ امریکی مشن کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سفارتی مقامات کے اطراف احتجاجی سرگرمیوں کے باعث یہ تقرریاں منسوخ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں احتجاج کے پیش نظر امریکی سفارت خانے نے ویزا اور قونصلر خدمات معطل کر دیں
یکم مارچ کو جاری سیکیورٹی الرٹ میں پاکستان میں امریکی مشن نے بتایا کہ وہ لاہور اور کراچی میں قونصلیٹس کے باہر جاری مظاہروں اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور پشاور میں قونصلیٹ کے باہر مزید احتجاج کی کالز کی نگرانی کر رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق امریکی سرکاری اہلکاروں کو آئندہ اطلاع تک نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف احتجاج، گلگت بلتستان میں کل تعلیمی ادارے بند رہیں گے
امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقامی خبروں پر نظر رکھیں، بڑے اجتماعات سے گریز کریں، اپنے اردگرد کے حالات سے باخبر رہیں اور اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں اپنی رجسٹریشن کو اپ ڈیٹ رکھیں۔
یہ انتباہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایک امریکی۔اسرائیلی حملے میں ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پھوٹنے والے مظاہروں کے تناظر میں جاری کیا گیا۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران ملک بھر میں جھڑپوں میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہوئے، جن میں کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے باہر 10، اسکردو میں 11 اور اسلام آباد میں 2 افراد شامل ہیں۔













