پاکستان تحریک انصاف نے پمز انتظامیہ کی جانب سے چیئرمین عمران خان سے متعلق جاری کردہ پریس ریلیز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ذاتی معالجین اور اہلِ خانہ کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی طبی معائنہ شفاف اور قابلِ اعتبار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ماہ سے صحت، آزادانہ طبی نگہداشت اور فیملی سپروائزڈ معائنے کی اجازت نہ دینے پر شدید خدشات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھ کا تفصیلی معائنہ، بشریٰ بی بی سے ملاقات بھی کرا دی گئی
شیخ وقاص اکرم نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا فوری طبی معائنہ ان کے ذاتی ڈاکٹروں اور اہلِ خانہ کی موجودگی میں کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ خانہ کی خواہش کے مطابق انہیں فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ آزادانہ، شفاف اور جامع طبی جانچ اور علاج ممکن ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے کم کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادانہ طبی رسائی سے مسلسل انکار عوامی تشویش میں اضافے اور سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق عمران خان کی صحت اور فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور نہ ہی ہونے دیا جائے گا۔














