جاپان نے بنگلہ دیش کی حکومت کے تحت بنگلہ دیش کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ترقیاتی ادارے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی یعنی جائیکا کے چیف نمائندہ اچی گوچی توموہیدے نے بنگلہ دیشی وزیر برائے شہری ہوا بازی و سیاحت افروزہ خانم ریتا سے خیرسگالی ملاقات کی۔
یہ ملاقات ڈھاکہ اور ٹوکیو کے درمیان بڑے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں جاری شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں پولیس فورس کی تنظیمِ نو، جاپان سے مدد طلب
جس میں جائیکا بنگلہ دیش کے مختلف شعبوں میں مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دونوں فریقین نے بنگلہ دیش اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں سمیت خاص طور پر فضائی ڈھانچے کی ترقی اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی معاونت کے ذریعے بنگلہ دیش کے سیاحتی شعبے کی ترقی میں بھی تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش: چٹوگرام وار سیمٹری سے جاپانی فوجیوں کی باقیات کی واپسی
گفتگو کے دوران بنگلہ دیشی حکام نے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے تیسرے مسافر ٹرمینل کو جلد از جلد فعال کرنے کے لیے جائیکا سےتعاون جاری رکھنے کی درخواست کی۔
جائیکا کے چیف نمائندے نے بنگلہ دیش کی فضائی سفری گنجائش بڑھانے کے لیے جاپانی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیرِ مملکت ایم رشیدالزمان ملت بھی موجود تھے۔













