ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ایران کے ایک عہدیدار نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ نو منتخب سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایران کے نو منتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کون ہیں؟ی
عہدیدار کے مطابق انہیں ہلکی چوٹیں لگی ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ زخم کب اور کس وجہ سے لگے۔
اس سے قبل اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای حالیہ اسرائیلی حملے میں معمولی زخمی ہوئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر کے بیٹے یوسف پزشکیان نے اپنے ٹیلی گرام پیغام میں کہا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس خبر کے بعد انہوں نے اپنے ایسے دوستوں سے رابطہ کیا جن کے متعلقہ حلقوں میں روابط تھے، جنہوں نے بتایا کہ الحمدللہ مجتبیٰ خامنہ ای محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
دریں اثنا ایران کے سرکاری ٹی وی نے مجتبیٰ خامنہ ای کو رمضان کی جنگ کا زخمی فوجی قرار دیا، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ انہیں کس نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔
مزید پڑھیں: بیشتر مقاصد پورے ہوگئے، ایران جنگ بہت جلد ختم ہو سکتی ہے، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
ادھر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں تین ایرانی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کی ٹانگوں پر زخم آئے ہیں، تاہم وہ ہوش میں ہیں اور اس وقت ایک انتہائی محفوظ مقام پر موجود ہیں۔














