اسلام آباد وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے بجلی کے صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے نیا ضابطہ کار جاری کر دیا ہے جس کے تحت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ منظور کرلیا، فی یونٹ کتنے پیسے بڑھ گئے؟
پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ناقص کارکردگی دکھانے والے ڈسکوز افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اب ہر ماہ بہترین اور خراب کارکردگی دکھانے والے سب ڈویژنز کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے۔
حکام کے مطابق ہیلپ لائن 118 اسمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے جہاں بجلی سے متعلق شکایات اور مسائل درج کرائے جا سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق گزشتہ 5 ماہ کے دوران ہیلپ لائن 118 پر 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں جن میں سے 96 فیصد سے زیادہ کالز کو کامیابی کے ساتھ ہینڈل کیا گیا۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں بجلی کے صارفین کی 24 لاکھ سے زائد شکایات درج کی گئیں جن میں سے 99.49 فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا۔
مزید پڑھیے: ایک سال میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے قومی خزانے کو 472 ارب روپے کا نقصان
وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا ہے کہ تمام ڈسکوز کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز کو صارفین کی شکایات کے مؤثر حل کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔














