امریکا کی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ اور اس کے گرد و نواح میں آسمان پر ایک حیرت انگیز منظر دیکھا گیا جب ایک شہابِ ثاقب زمین کے ماحول میں داخل ہوا اور اس کے ساتھ زور دار دھماکے جیسی آواز بھی سنی گئی جس نے متعدد علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مشرقی اوہائیو میں واقع ایک تعلیمی ادارے کے منتظم کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں شہابِ ثاقب کو آسمان پر تیزی سے گزرتے دیکھا گیا۔ یہ منظر ادارے کے بس اڈے پر نصب کیمرے میں ریکارڈ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: شہاب ثاقب نے اچانک اپنے مدار میں الٹا گھومنا شروع کردیا، ماہرین فلکیات حیران
منگل کی صبح اچانک سنائی دینے والی شدید آواز کے بعد مقامی شہریوں نے سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے اسے انتہائی زور دار دھماکہ قرار دیا جبکہ کچھ نے آواز کو گرج چمک یا خراب ہوائی جہاز کے انجن جیسی آواز سے تشبیہ دی۔
بعد ازاں موسمیاتی ماہرین نے ابتدائی جائزے کے بعد بتایا کہ دستیاب تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ آواز کی وجہ زمین کے ماحول میں داخل ہونے والا شہابِ ثاقب تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شہر قائد کا آسمان شہاب ثاقب کی وجہ سے جگمگا اٹھا
اوہائیو، پنسلوانیا اور نیویارک کی مختلف ریاستوں سے بھی اسی نوعیت کی آواز سننے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ ایک سکیورٹی کیمرے نے بھی اس آواز کو ریکارڈ کیا۔
امریکی خلائی ادارے نے تصدیق کی کہ یہ واقعی ایک شہابِ ثاقب تھا۔ ماہرین کے مطابق زور دار آواز اس وقت پیدا ہوئی جب شہابِ ثاقب نے فضا میں داخل ہوتے ہوئے آواز کی رفتار کو عبور کیا۔













