ایئر انڈیا کی دہلی سے کینیڈا جانے والی ایک پرواز کو تقریباً 8 گھنٹے فضا میں رہنے کے بعد واپس دہلی لوٹنا پڑا، کیونکہ ایئرلائن کی جانب سے غلط طیارہ استعمال کیا گیا تھا جسے کینیڈا جانے کی اجازت حاصل نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں:حادثات اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا کو اربوں ڈالر نقصان کا سامنا
بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز اے آئی 185 مقررہ وقت پر دہلی سے روانہ ہوئی اور تقریباً 4 گھنٹے سفر کے بعد چین کی فضائی حدود میں پہنچنے پر ایئرلائن کو معلوم ہوا کہ استعمال کیا گیا طیارہ کینیڈا کے لیے منظور شدہ نہیں۔ اس کے بعد طیارے کو فوری طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

طیارہ مجموعی طور پر تقریباً 8 گھنٹے فضا میں رہنے کے بعد بحفاظت دہلی واپس اترا، جہاں تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ ایئر انڈیا کے مطابق یہ فیصلہ حفاظتی اور آپریشنل اصولوں کے تحت کیا گیا، جبکہ مسافروں کو درپیش تکلیف پر افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کینیڈا کے ہوائی اڈے پر ہنگامہ: ایئر انڈیا کا پائلٹ شراب کے نشے میں، پرواز آخری لمحے روکنی پڑی
ایئرلائن نے مسافروں کے لیے ہوٹل اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا اور اگلے دن انہیں دوبارہ روانہ کرنے کے اقدامات کیے۔ ماہرین کے مطابق اس واقعے سے ایئر انڈیا کو مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔













