غیرت کے نام پر نوجوان کے قتل کا ملبہ اداروں پر ڈالنے کی ایک سیاسی جماعت کی کوشش ناکام

ہفتہ 3 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیاسی جماعت کے فالوورز کی سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 میں قمر ریاض نامی نوجوان کے قتل کا الزام حکومتی اداروں پر ڈالنے کی ناکام کوشش پکڑی گئی۔ حکام کے مطابق نوجوان کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا لیکن سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا ونگز نے 9 مئی کے واقعات کو جواز بنا کر دنیا بھر میں پراپیگنڈا شروع کر دیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے قمر ریاض کے قاتلوں کا سراغ لگا کر سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا ونگز کے ذریعے پروپیگنڈا کرنے والوں کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی۔ قمر ریاض کو خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کے شبے میں خاتون کے شوہر نے ساتھیوں الطاف، اللہ ڈوایا اور وسیم کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق چاروں ملزمان تھانہ رمنا پولیس کی تحویل میں ہیں۔ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے بھی ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہی ہے۔

مقتول قمر ریاض کے قتل کی ایف آئی آر کا عکس

ترجمان پولیس کے مطابق سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا ونگز کے ذریعے قمر ریاض کے قتل کو 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مرتکب افراد کو بچانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیوں میں ریاست مخالف اشتعال انگیزی کی مہم کو دوبارہ سرگرم کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ شور مچایا گیا کہ ریاست نے سیاسی کارکن کو حراست میں قتل کر دیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری کے بعد قمر ریاض کے قتل کو سیاسی قتل کا رنگ دینے والے سیاسی جماعت کے فالوورز اب کہاں منہ چھپائیں گے ؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp