نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع بارشوں اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع، کراچی بھی متاثر ہوگا، محکمہ موسمیات کی وارننگ
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں، آندھی، طوفان اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوب مغربی بلوچستان سے داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ مختلف علاقوں میں بارش برسائے گا۔
سیلابی صورتحال کا خدشہ
بلوچستان کے تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ میں اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پاراچنار، پشاور، مردان اور صوابی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی زد میں ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب اور سندھ میں بارش کی پیشگوئی
پنجاب کے مختلف شہروں سمیت مری، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ کے کشمور، جیکب آباد، سکھر، خیرپور اور لاڑکانہ میں بھی بارش متوقع ہے۔
برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش، موسم سرد ہوگیا
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جبکہ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک مسائل پیدا ہونے کا امکان ہے۔
شہریوں اور اداروں کے لیے ہدایات
ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، احتیاط سے گاڑی چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے، جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔














