مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں تلاشی آپریشن کے دوران مقامی افراد کے حملے میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے 2 افسر زخمی ہو گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے سپوال علاقے کی گجر بستی میں پیش آیا، جہاں بی ایس ایف اہلکار سرچ آپریشن اور گھروں کی تلاشی میں مصروف تھے۔
زخمی ہونے والوں میں بی ایس ایف کے انسپکٹر امتیاز اور سب انسپکٹر دیویندر شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں افسران اُس وقت وردی میں نہیں تھے جب اُن پر حملہ کیا گیا۔
واقعے کے بعد دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔














