اسلام آباد پولیس نے کشمیر چوک پر تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کے لیے ڈائیورشن پلان جاری کردیا۔
پولیس کے مطابق 6 اکتوبر 2026 کو صبح 8:30 بجے سے 11 بجے تک کلب روڈ پر آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق کلب روڈ کشمیر چوک پر تعمیراتی کام کے سلسلے میں ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی دقت سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔
راولپنڈی جانے والے شہریوں کے لیے متبادل راستے
پولیس کے مطابق کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں سیکرٹریٹ اور سرینا ہوٹل سے راولپنڈی جانے والے شہری سری نگر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
جی فائیو، سیکریٹریٹ اور سرینا ہوٹل سے راولپنڈی جانے والے شہری سری نگر ہائی وے، میرا آبادی اور پشاور روڈ استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ لیک ویو یوٹرن سے واپس مری روڈ اور کلب روڈ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
راول ڈیم چوک، پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ جانے والے شہری سری نگر ہائی وے، ساتویں ایونیو، شکر پڑیاں روڈ، ٹیولپ ہوٹل اور راول ڈیم روڈ استعمال کریں۔
مری اور بھارہ کہو جانے والوں کیلئے متبادل راستہ
اسلام آباد پولیس کے مطابق مری اور بھارہ کہو جانے والے شہری فیض آباد، فیصل ایونیو، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے انڈر پاس، جناح سکوائر اور کوڑیانوالہ چوک سے ہوتے ہوئے بھارہ کہو اور مری جاسکیں گے۔
راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے استعمال کریں۔
پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہری ٹیولپ ہوٹل روڈ، گارڈن ایونیو اور ساتویں ایونیو استعمال کریں۔
مزید ٹریفک اپڈیٹس جاری کرنے کا اعلان
اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے مزید ٹریفک اپڈیٹس آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 اور اسلام آباد پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز پر بھی جاری کی جائیں گی۔
پولیس کے مطابق 6 اکتوبر کو صبح 8:30 بجے سے 11 بجے تک کشمیر چوک پر تعمیراتی کام کے سلسلے میں کلب روڈ آنے جانے والی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس دوران متبادل راستے سری نگر ہائی وے، فیصل ایونیو اور جنگل ٹریک استعمال کریں۔ مزید ٹریفک اپڈیٹس کے لیے آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں۔














