لاہور قلندرز نے حال ہی میں سامنے آنے والے ایک واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
مذکورہ واقعہ 28 مارچ کو پیش آیا تھا جس میں مبینہ طور پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی گئی۔
فرنچائز کے مطابق واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے فوری طور پر اندرونی تحقیقات کا آغاز کیا گیا تاکہ حقائق کا تعین کیا جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام اقدامات پی ایس ایل کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور سکندر رضا کی پی سی بی سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی
تحقیقات کے بعد لاہور قلندرز نے تصدیق کی کہ ٹیم ہوٹل میں ایک الگ نوعیت کا واقعہ پیش آیا، تاہم اسے عوامی سطح پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا اور اس کا اصل تناظر مسخ ہو گیا۔
ادارے نے نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے لیے ازخود یہ فیصلہ کیا کہ شاہین شاہ آفریدی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔
🚨 SHAHEEN SHAH AFRIDI FINED BY QALANDARS 🚨
– Lahore Qalandars have fined Shaheen Afridi PKR 10 Lac for security protocol violations. pic.twitter.com/m88Yn3Q4hk
— Rayham. (@RayhamUnplugged) March 30, 2026
اس کے ساتھ ہی فرنچائز نے اپنے مؤقف اور تفصیلی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی ارسال کر دی ہے۔
لاہور قلندرز نے سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
فرنچائز کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ دانستہ خلاف ورزی کے بجائے ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا، تاہم ادارہ تمام سیکیورٹی اصولوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے واضح رابطے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
لاہور قلندرز نے اس واقعے کو غیر ضروری طور پر زیادہ اچھالے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف فرنچائز بلکہ پی ایس ایل کی ساکھ بھی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متاثر ہوئی۔
آخر میں فرنچائز نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر زور دیتے ہوئے پیشہ ورانہ معیار، نظم و ضبط اور متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور واضح کیا کہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔













