پی ایس ایل میچ میں فخر زمان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام، اوپنر سمیت شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف مشکلات کا شکار

پیر 30 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مبینہ بال ٹیمپرنگ کا معاملہ سامنے آ گیا جس نے شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔

بال سے چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان کھڑے ہیں۔ فخر زمان حارث رؤف سے گیند لیتے ہیں اور کچھ ’چھیڑ چھاڑ‘ کے بعد گیند واپس انہیں کو تھما دیتے ہیں۔ لیکن اسی وقت امپائر حارث روف سے یہ گیند لے کر اسے تبدیل کر دیتے ہیں اور لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنلٹی لگا دیتے ہیں۔

صارفین فخر زمان کی اس حرکت پر برہم نظرآئے، کسی نے ان پر تنقید کی تو کوئی ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا نظر آیا۔ اسامہ ظفر نامی صارف نے کہا کہ یہ لوگ 5 سال سے بال ٹیمپرنگ کر رہے ہیں۔ پہلے کیمرہ مین کا فوکس گراؤنڈ میں لڑکیوں پر ہوتا تھا اب اسٹیڈیم خالی ہے تو فوکس گیند پر ہے۔

سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ فخر زمان گیا، ویڈیو ثبوت سامنے ہے قوی امکان ہے کہ ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کامران اکمل نے کہا کہ پہلے ثبوت نہیں تھا اب تو ویڈیو ثبوت موجود ہے، کپتان، حارث رؤف اور فخر زمان تینوں کو سزا مل سکتی ہے۔

عبدالرؤف خان نے کہا کہ بال سے چھیڑ چھاڑ یا ٹیمپرنگ کی بالکل بھی ضرورت نہیں تھی۔لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں پر اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے تو اس کے بہت ہی افسوسناک نتائج نکلیں گے جو کہ پی ایس ایل اور پی سی بی کیلئے بھی نقصان دہ ہوں گے۔ کھلاڑی پر بھی بین لگ سکتا ہے۔ سسپنشن بھی ہوسکتی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اگر بال ٹیمپرنگ ثابت ہو جائے تو شاہین شاہ آفریدی اور سمیت دیگر کھلاڑیوں پر کم از کم ایک سال کی پابندی لگنی چاہیے۔ کیونکہ اس کی مثال پہلے سے موجود ہے جب بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے وارنر، سٹیو سمتھ اور بینکرافٹ پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

سلیم خالق نے کہا کہ 2,3 سیکنڈز میں فخر زمان نے ایسی کیاگیند کی حالت بگاڑ دی کہ ان پر پابندی لگانے کاارادہ کرلیا گیا، وہ سینئر کرکٹر ہیں اور بخوبی جانتے ہیں کہ میچ میں ہر وقت کتنے کیمرے پلیئرز پر موجود ہوتے ہیں،ایسے میں کیوں ایسی غلطی کریں گے؟جلد بازی کے بجائے اچھی طرح جانچ کے بعد فیصلہ سنانا چاہیے

خواجہ یاسین عثمانی کا کہنا تھا کہ فخر پہ اب قوم کو فخر نہیں رہے گا امپائرز نے بال ٹیمپرنگ کے الزام پر لاہور قلندرز پر آخری اوور میں پانچ رنز کی پینالٹی لگائی اور بال بھی تبدیل کردی گئی، کچھ میچز کی پابندی کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔

میچ ختم ہونے کے بعد کمنٹیٹر رمیز راجہ شاہین شاہ آفریدی سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’مجھے اس بارے میں علم نہیں ہے، لیکن ہم اس کی دوبارہ ویڈیو دیکھیں گے اور پھر بات کریں گے کہ کس نے ایسا کیا۔‘

ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے لاہور قلندرز کے فخر زمان اور ٹیم منیجر کو طلب کیا۔ سماعت میں فخر زمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp