مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان اور چین کا فوری جنگ بندی پر زور، امن کے لیے 5 نکات پیش کردیے

منگل 31 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور پاکستان کے وزیر خارجہ و ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے بیجنگ میں ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ 5 نکات پیش کردیے۔

مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کا 31 مارچ کو دورۂ چین، اہم علاقائی و عالمی امور پر بات چیت متوقع

فوری جنگ بندی

چین اور پاکستان نے فوری جنگ بندی اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کی بھرپور کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، اور کہاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام متاثرہ علاقوں تک امداد پہنچانے کی اجازت ہونی چاہیے۔

امن مذاکرات کا آغاز

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران اور خلیجی ممالک کی خودمختاری، سرحدی سالمیت، قومی آزادی اور سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے فوری مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔ چین اور پاکستان تمام متعلقہ فریقین کی حمایت کرتے ہیں کہ وہ پرامن تصفیہ کے لیے بات چیت شروع کریں اور مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا دھمکیوں سے گریز کریں۔

غیر فوجی اہداف کی حفاظت

دونوں ممالک نے کہاکہ جنگ کے دوران شہریوں اور غیر فوجی اہداف کی حفاظت کے اصول پر عمل کیا جائے۔ توانائی، پانی کے حصول اور پرامن نیوکلیئر تنصیبات سمیت اہم بنیادی ڈھانچے پر حملے فوری طور پر بند کیے جائیں اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی مکمل پاسداری کی جائے۔

سمندری راستوں کی حفاظت

چین اور پاکستان نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں موجود جہازوں اور عملے کی حفاظت کی جائے، تجارتی اور شہری جہازوں کی محفوظ اور فوری گزرگاہ کو یقینی بنایا جائے، اور اس راستے کو جلد معمول کے مطابق بحال کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے منشور کی بالادستی

چین اور پاکستان نے حقیقی کثیر الجہتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط کرنے کی حمایت کی، اور خطے میں جامع امن فریم ورک قائم کرنے اور اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون کرنے کی اپیل کی۔

اس اجلاس میں دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات، ڈپلومیسی اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری ضروری ہے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم دورے پر چین پہنچے تھے، جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی اور علاقائی اہم امور پر یکساں مؤقف پایا جاتا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی تعاون جاری ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں قائم رہنے والی اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، جس میں علاقائی اور عالمی معاملات پر باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ شامل ہے۔

اس سے قبل پاکستانی قیادت کی کاوشوں سے اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں علاقائی کشیدگی کم کرنے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی، اسحاق ڈار کا چینی ہم منصب سے رابطہ، امن کی بحالی اور استحکام پر اتفاق

اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور امن قائم کرنے کے موضوع پر مفصل بات چیت ہوئی اور متعدد تجاویز پر غور کیا گیا، جس کے دوران تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp